وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان دبئی سے کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ نے فوری طور پر امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ جام کمال خان چند روز کے نجی دورے پر دبئی گئے تھے، گزشتہ رات وہ دبئی سے کراچی پہنچے تھے۔
ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نےفوری طور پر امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے، امن وامان سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس کچھ دیر میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ جلاس میں مچھ کے واقعےاور بعدکی صورتحال پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں صوبے میں امن وامان سے متعلق اہم فیصلے کئےجائیں گے۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔