کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیوکے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ پولیس چوکیوں سے خوش نہیں،33چوکیاں ختم کردیں، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 10 جنوری کا ہمارا احتجاج مردم شماری کے حوالے سے ہے ،سندھ کی کئی سیاسی جماعتوں کو مردم شماری کے نتائج پر شدید اعتراضات ہیں، سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا ہے کہ وزیراعظم تو پاکستان کرکٹ کو ورلڈ چیمپئن بنانا چاہتے ہیں مگریہاں تو ہماری کرکٹ تباہی کے دہانے پر آگئی ہے، رہنماپی ٹی آئی حلیم عادل شیخ نے کہاکہ سندھ حکومت کی رکاوٹ کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے ڈھائی سال میں سندھ میں 23 ارب کے پروجیکٹ مکمل کئے ہیں جبکہ ساڑھے چار ارب کے پروجیکٹ جاری ہیں اس کے علاوہ 19 ارب کے پروجیکٹس ہیں جو آنے والے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے اس وقت اسلام آباد میں 800 کے قریب کیمرے لگے ہیں اور تمام ہی بالکل درست کام کررہے ہیں ،پولیس کی چوکیوں سے میں خوش نہیں اسی سبب 33 کے قریب چوکیاں ختم کردی ہیں باقی بھی جلد ہی ختم کردوں گا کیونکہ مسائل کا سبب پولیس چوکیاں ہیں ۔وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے اسامہ ستی قتل کیس پر کہا بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے جس کی میں مذمت بھی کرتا ہوں اور کیبنٹ میں دعا بھی کروائی ہے ،ان بدبختوں نے ایک نوجوان کی جان لی ہے ان کے خلاف ساری وہ دفعات عائد کرکے پرچے کٹوائے ہیں جس سے ان کو سزا سے نہیں بچایا جاسکے گا ۔ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کی اسلام آباد آمد کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا لانگ مارچ کی ڈیٹ تو ابھی آئی نہیں ہے جب آئے گی تو پھر ہم لائحہ عمل بھی ترتیب دیں گے۔