• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مچھ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل کیئے جانے والے کان کنوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کرنے کے لیے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے متعدد رہنما کوئٹہ پہنچ گئے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنماء احسن اقبال اور پرویز رشید، مریم اورنگ زیب کے ہمراہ کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

نون لیگی رہنماء سردار یعقوب ناصر اور جمعیت علمائے اسلام کے اراکینِ اسمبلی اصغر ترین اور یونس زہری نے کوئٹہ میں دیئے گئے دھرنے میں شرکت کی۔

قتل کیئے گئے کان کنوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کے لیے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز بھی وفد کے ہمراہ آج کوئٹہ پہنچیں گی، ان کے ہمراہ خرم دستگیر، رانا ثناء اللّٰہ، کیپٹن (ر) صفدر بھی ہوں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی قتل کیئے گئے کان کنوں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کے سلسلے میں کوئٹہ جانے کے لیے کوشاں ہیں۔


ایک تازہ ترین ٹوئٹ کے ذریعے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں ابھی وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ کوئٹہ جانے کے لیے کوشاں ہوں، ہمیں انجن کے نہ چلنے کے سبب کراچی سے کوئٹہ جانے والے طیارے سے اتار دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اب کوئٹہ پہنچنے کے لیے متبادل انتظامات کے حوالے سے کوشش کر رہا ہوں۔

تازہ ترین