پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پلیئرز ڈرافٹ 10 جنوری کو منعقد ہوگا جس کے لیے پی ایس ایل انتظامیہ نے 400 سے زائد کھلاڑیوں کی فہرست بھیجی ہے تاہم اس میں شامل بیشتر کھلاڑیوں کا اپنی اپنی نیشنل ٹیموں کے ساتھ مصروفیات کی وجہ سے مکمل دستیاب نہ ہونا ٹیموں کو کامبی نیشن بنانے کے لیے زیادہ سوچنے پر مجبور کر رہا ہے۔
پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری سے 22 مارچ کے درمیان کھیلا جانا ہے اور اس دوران تقریباً ہر ٹیم انٹرنیشنل سیریز میں مصروف ہوگی جس کی وجہ سے کچھ پلیئرز مکمل ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پی ایس ایل کی تاریخوں سے جو سیریز متصادم ہیں ان میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز، انگلینڈ کا دورۂ بھارت، بنگلہ دیش کا دورۂ نیوزی لینڈ، سری لنکا کا دورۂ ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی زمبابوے سے سیریز شامل ہیں۔
افغانستان کے راشد خان، محمد نبی اور مجیب الرحمٰن کی دستیابی زمبابوے اور افغانستان کے درمیان سیریز سے مشروط ہے۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان اور معین علی بھارت سے شیڈول سیریز کی وجہ سے جزوی طور پر ہی دستیاب ہوں گے۔
سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کی وجہ سے براوو، ادانا اور تھسارا پریرا کی مکمل دستیابی پر سوالیہ نشان ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیم کو فروری کے وسط میں کیویز کے دیس جانا ہوگا جس کی وجہ سے پلاٹینم کی فہرست میں شامل مستفیض الرحمن بھی مکمل دستیاب نہیں ہوں گے۔ لیکن اس کے باوجود ڈیل اسٹین، رائلی روسو، عمران طاہر، ایلکس ہیلز، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، کرس گیل، کولن انگرام ، کرس لین، کارلوس براتھویٹ، سندیپ لمیچانے پی ایس ایل کے دوران ٹیموں کو مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔