• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسف رضا گیلانی پر 3 فروری کو فردِ جرم عائد ہو گی


احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 3 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔

عدالت کی جانب سے ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث آج فردِ جرم کی کارروائی مؤخر کر دی گئی۔

احتساب عدالت نے قرار دیا کہ فردِ جرم کی کارروائی کے لیے فروری کی کوئی تاریخ رکھتے ہیں۔

ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ فروری میں جو بھی تاریخ رکھیں بس 14 فروری نہ رکھیں، جس پر عدالت میں قہقہے بکھر گئے۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی و دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 3 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔

نیب نے عدالت سے مسلسل غیر حاضر ملزم فاروق اعوان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کر دی۔


نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان عرصۂ دراز سے بیرونِ ملک ہیں، جو عدالت میں حقائق چھپاتے ہوئے بیماری کی بنیاد پر استثنیٰ کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔

عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو آج ہی پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر سے رپورٹ لے کر وارنٹس جاری کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

تازہ ترین