• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ارطغرل‘ کرداروں کی آمد، پاکستانیوں کا پرجوش خیرمقدم

معروف تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی کاسٹ کے دو مرکزی کردار پاکستان میں موجود ہیں اور پاکستانی ان سے ملنے کیلئے بےتاب ہیں۔

’ارطغرل غازی‘ میں بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نورالدین سونمیر اور ارتک بے کا کردار ادا کرنے والے آئبرک پیکچن ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کے ساتھ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔

پاکستانیوں کو اپنے پسندیدہ کرداروں کی پاکستان میں موجودگی کا پتہ چلا تو گویا ٹوئٹر پر استقبال کے پیغامات کی بھرمار ہوگئی۔

یہاں تک کہ ابھی بھی پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر ’ارتک بے‘ اور ’بامسی بے‘ موجود ہیں۔صارفین ترک اداکاروں کی پاکستان میں موجودگی کو پاک ترک دوستی کو پروان چڑھانے کیلئے ایک انتہائی اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔


ارطغرل غازی کے دونوں اداکاروں کے دورے سے متعلق زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی تاہم امکان ہے کہ وہ ترک وزیر خارجہ کا 3 روزہ مکمل ہونے کے بعد ان کے ساتھ واپس وطن روانہ ہوجائیں گے۔

ترک اداکاروں کی  آمد سے متعلق اسلام آباد میں ترکی کے سفیر مصطفیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں دونوں اداکاروں کی پاکستان آمد سے متعلق آگاہ کیا۔

انہوں نے اداکار نورالدین سونمیر اور آئبرک پیکچن کے ساتھ تصویر شیئر کی اور بتایا کہ وہ اس وقت پاکستان میں موجود ہیں۔

بعدازاں دونوں اداکاروں نے ترک وزیر خارجہ کے ساتھ پاک ترک معارف فاؤنڈیشن کی تقریب میں بھی شرکت کی۔


نورالدین سونمیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ڈرامے کی تشکیل اور چیز ہے، جب ناظرین اور حکومتیں تعریف کریں تو بڑا اعزاز ہے، پاکستان کے وزیر اعظم کا ارطغرل کو پسند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔

ترک اداکار نورالدین سونمیر نے کہا پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُر عزم ہیں، پاکستان میں مختلف پروگرامز بہت دل چسپ ہیں، لاہور بہت پسند ہے، آئندہ جب بھی پاکستان آیا وہاں جاؤں گا۔

دونوں اداکاروں سے قبل جلال آل اور کمال تکدن، ارطغرل کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین التان دوزیتان اور دوآن الپ کا کردار ادا کرنے والے چنگیز جوشقون بھی پاکستان آچکے ہیں۔

تازہ ترین