• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان الیکشن، نون لیگ کا وائٹ پیپر جاری

مسلم لیگ نون نے گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن سے متعلق وائٹ پیپر جاری کر دیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے اس ضمن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے سلیکٹڈ حکمران مسلط کرنے کا تجربہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2020ء کے انتخابات میں دھاندلی کا ری پلے گلگت الیکشن میں کیا گیا، عوام ووٹ کی عزت کا حق مانگ رہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جس ملک میں ووٹ کی عزت نہیں کی جاتی اس کی سالمیت خطرے میں پڑ جاتی ہے، ہم نے ووٹ کی عزت کو پامال کر کے آدھا ملک کھو دیا۔

انہوں نے کہا کہ 72 سال میں ووٹ کی عزت کے ساتھ ڈرامہ کیا جاتا رہا ہے، کھیل کھیلا جاتا رہا ہے، ریاست اپنا آدھا وجود کھو چکی ہے۔


رہنما مسلم لیگ نون کا مزید کہنا ہے کہ باقی ملک میں ہچکولے آتے ہیں کیونکہ عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے، گلگت حساس خطہ ہے، سی پیک کی وجہ سے اسٹریٹجک ہے۔

احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضروری تھا کہ جی بی میں سیاسی عدم استحکام پیدا نہ ہونے دیں، یہ بھی ضروری تھا کہ جی بی میں دشمن کو عدم استحکام پیدا کرنے کا موقع نہ ملے۔

تازہ ترین