اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے بلامقابلہ مرکزی صدر منتخب ہوگئے اور حکومت کو مشورہ دیا کہ بڑے منصوبے دو ، تین سال کیلئے معطل کردیں۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ صوبائی تنظیمیں ہرسطح پرمسلم لیگ کوفعال اورمنظم کریں، ملک میں اس وقت غریب آدمی کےحالات مایوس کن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مشورہ دیا ہے بڑے منصوبے 2،3 سال کیلئے معطل کردیں، عام آدمی کی حالت بہتربنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔پاکستان مسلم لیگ کی تنظیمی سرگرمیوں کے سلسلے میں تحصیل اورضلعی تنظیمیں مکمل ہونے کے بعد چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، ناردرن ایریا گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل میں تنظیم سازی مکمل ہو گئی۔مرکزی الیکشن کمیشن کے اجلاس کی صدارت جہانگیر اے جھوجہ ایڈووکیٹ نے کی اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن چودھری امتیاز احمد رانجھا سابق ایم پی اے، فرخ خان ایم این اے رانا خالد منظور اور میاں عمران مسعود سابق صوبائی وزیر تعلیم بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ کے مطابق اس سے پہلے صوبہ سندھ کے صوبائی الیکشن میں محمد طارق حسن صدر اور کنور ارشد خان جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ صوبہ بلوچستان کے صوبائی پارٹی الیکشن میں سعید الحسن مندوخیل صد راور ایس آر ناصر صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، صوبہ خیبرپختونخواہ کے صوبائی پارٹی الیکشن میں محبوب اللہ جان سابق ایم این اے صدر اور وجیہ الزمان خان سابق ایم پی اے، سابق صوبائی وزیر جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ پنجاب کے صوبائی پارٹی الیکشن میں چودھری پرویزالٰہی صدر اور سینیٹر کامل علی آغا صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، گلگت بلتستان کے صوبائی پارٹی الیکشن میں اسد اللہ خان ایڈووکیٹ صدر اور آصف احمد قریشی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، اسلام آباد کیپٹل کیلئے رضوان صادق صدر اور چودھری محمد جہانگیر جنرل سیکرٹری منتخب ہوچکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سطح پر الیکشن کے بعد انتخابی سرگرمیاں مکمل ہوگئی ہیں اجلاس میں مرکزی صدر کو تین قراردادوں کے ذریعے تنظیمی اور انتظامی اختیارات تجویز کردیئے گئے۔