کراچی کے علاقے بفر زون میں خونخوار کتے نے ایک سائیکل سوار بچے پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی ’جیو نیوز‘ کو موصول ہوئی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جس گھر نے کتے کو پال رکھا ہے انہیں شکایت کیئےجانے کے باوجود خونخوار کتا آزاد گھوم رہا ہے۔
بفرزون سیکٹر 15 بی میں خونخوار کتا بچوں پر حملہ آور ہو گیا، کتے کی بچوں پر حملے کی سی سی ٹی وی ’جیو نیوز‘ کو موصول ہوگئی ہے۔
سی سی ٹی وی کے مطابق سیاہ مائل کتے نے ایک بچے کو سائیکل سے گرایا، گرانے کے بعد کتے نے بچے کو کاٹنا شروع کیا۔
بچے کا ساتھی اس کو کتے سے بچانے کی کوشش کرتا رہا، علاقہ مکین اور پولیس اہلکار بچے کی آوازیں سن کر مدد کے لیے پہنچے تو کتا بھاگ گیا،کتے کے کاٹنے سے بچہ معمولی زخمی ہوا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق خونخوار کتے کو علاقے میں ہی ایک گھر والوں نے پال رکھا ہے، پالتو کتے کو بچے پٹہ ڈال کر شام کے وقت باہر نکالتے ہیں، کتا کسی پہ بھونکنا شروع کرے تو بچے کتے کو چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔
کتے کے بچوں پر حملے کے واقعے کو 3 روز گزر جانے کے باوجود یہ کتا اب بھی علاقے میں آزاد گھوم رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کی شکایت کے باوجود کتے کے مالک نے اسے باندھ کر نہیں رکھا،علاقہ مکینوں نے تاحال پولیس سے بھی شکایت نہیں کی ہے۔