• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی فنڈنگ ڈیکلیئر ہوگئی تو حکومت خود کو تحلیل کردیگی، رانا ثناء


کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء ﷲ نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد بھی ایک آپشن ہے لیکن واحد آپشن نہیں ہے، دعویٰ کرتا ہوں غیرقانونی فنڈنگ ڈیکلیئر ہوگئی تو وفاقی حکومت خود کو تحلیل کردے گی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ 

پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور اور سینئر اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ سے بھی گفتگو کی گئی۔ چوہدری منظورنے کہا کہ استعفے آخری آپشن ہے پہلے سارے آپشن استعمال کریں گے۔

پی ٹی آئی نے غیرقانونی فنڈنگ کا اعتراف جرم کرلیا ہے، ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ رہی تو سیاست سے فارغ ہوجائے گی ،سینیٹ الیکشن کا پہلا مرحلہ اوپن بیلٹ پر نہیں ہوسکتاہے، چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اوپن بیلٹ سے ہوسکتا ہے۔

شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک ایل این جی کی موجودہ قیمتوں کی استطاعت نہیں رکھتا، وزیراعظم نوٹس لیں پچھلے چار مہینوں میں پاکستان کا 500ملین ڈالرز کا نقصان کردیا گیا ہے، طویل مدتی معاہدے نہ ہوتے تو نہ انڈسٹری کے پاس گیس ہوتی نہ لوگوں کے چولہے جل رہے ہوتے۔ 

میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں وہ کچھ ہورہا ہے جو تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، امریکی تاریخ میں پہلی بار پارلیمنٹ اور جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کی سیکیورٹی کیلئے 25ہزار فوجی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، خطرہ ہے کہ کیپٹل ہل پر وہی مناظر نہ دہرائے جائیں جو 2ہفتے پہلے دیکھے گئے تھے۔

یہ بھی خطرہ ہے کہ ابراہم لنکن اور جے ایف کینیڈی کی طرح جو بائیڈن کو بھی قتل کرنے کی کوشش نہ کی جائے، صدر ٹرمپ کے حامیوں اور سیاہ فام دہشتگردوں کے خطرے سے نمٹنے کیلئے 25ہزار فوجی واشنگٹن ڈی سی بھیج دیئے گئے ہیں۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء ﷲ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر قائل کرتی ہے تو اس پر عمل کریں گے، ہم سمجھتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوسکتی، اسٹیبلشمنٹ تیسری یا چوتھی قوت کے طور پر پارلیمنٹ میں بذات خود موجود ہے، پی ڈی ایم عوام پر انحصار کررہی ہے۔

رانا ثناء ﷲ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غیرقانونی فنڈنگ کا اعتراف کرلیا اس پر جے آئی ٹی بننی چاہئے،پاکستان دشمن قوتوں کی فنڈنگ ثابت ہوگئی تو اتحادی جماعتوں کو فیصلہ کرنا پڑے گا، دعویٰ کرتا ہوں غیرقانونی فنڈنگ ڈیکلیئر ہوگئی تو وفاقی حکومت خود کو تحلیل کردے گی۔

تازہ ترین