• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: علیزے

شالز: امبر کلیکشن، فیشن کوریڈور

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی:ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

موسمِ سرما میں سرد ہواؤں سے محفوظ رہنے کے لیے جہاں سوئیٹرز، ہُڈیز، جیکٹس اور کوٹس وغیرہ زیبِ تن کیے جاتے ہیں، وہیں نرم و گرم شالز بھی مقبولِ عام ہیں اور آج کل تو اس قدر حسین، دِل فریب اور جدّت و ندرت سے بَھرپور شالز دستیاب ہیں کہ اُن میں سے کسی ایک کا انتخاب مشکل ہوجاتا ہے۔ تو آپ کی اِسی مشکل کے حل کے لیے آج ہم نے اپنی بزم کچھ نفیس و دِل کش سی شالز سے مرصّع کردی ہے۔ ذرا دیکھیے، سیاہ رنگ شارٹ شرٹ کے ساتھ ملٹی شیڈڈ بلاک پرنٹڈ شال کس قدر حسین لگ رہی ہے۔خاص طور پر اس کا چُنری اسٹائل بارڈر تو بہت ہی بھلا لگ رہا ہے۔ 

پھر سیاہ رنگ جینز اور سُرمئی رنگ بوٹ نیک شرٹ کے ساتھ رسٹ رنگ شال کے بھی کیا ہی کہنے کہ شال کے پلّو پلین آف وائٹ ہیں،جن سے ذرا فاصلے پر زری اور دھاگے کا کام ہے، تو پوری شال میں کہیں کہیں ملٹی شیڈڈ پھولوں کی آرائش بھی ہے۔ اِسی طرح سیاہ جینز اورسُرمئی ہائی نیک کے ساتھ آف وائٹ شال کے بارڈر پر گہرے رنگوں کی دِل آویز کڑھت کا جلوہ ہے، تو پلین آف وائٹ شال پر عنّابی رنگ نازک پھول بُوٹوں کی کڑھت کا بھی جواب نہیں۔ 

جب کہ بلیو رنگ جینز، سیاہ سیلف پرنٹڈ قدرے چھوٹی شرٹ کے ساتھ ڈارک چاکلیٹی رنگ پھول دار شال بھی ایک خُوب صُورت انتخاب ہے، تو کیمل رنگ سیلف پرنٹڈ شال کے چاروں جانب ڈارک براؤن بارڈر بھی خُوب جچ رہا ہے، جب کہ مٹیالے، سُرمئی اور فون رنگوں کے حسین کامبی نیشن کی پرنٹڈ شال تو جیسے اپنی مثال آپ ہے۔

سردیوں کی حسین شاموں کے لیے ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں، ہر نظر آپ ہی پر ٹھہر سی جائے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین