• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے خوف سے 3 ماہ تک ایئرپورٹ پر رہنے والا مسافر گرفتار

عالمی وبا کورونا وائرس کے خوف سے لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والا آدیتیہ سنگھ نامی  36 سالہ شخص 3 ماہ تک شکاگو کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے ایک محفوظ سیکشن میں چھپا رہا۔

مذکورہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بہت زیادہ خوفزدہ ہونے کی وجہ سے لاس اینجلس میں اپنے گھر نہیں جانا چاہتا۔

آدیتیہ سنگھ نامی اس شخص کو 3 ماہ بعد جاکر گرفتار کیا گیا اور اس پر ایک ایئرپورٹ کے ممنوعہ حصے میں مجرمانہ طور پر گھسنے اور چوری کے الزامات ہیں۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ یہ شخص لاس اینجلس سے ایک پرواز سے شکاگو کے اوہارا ایئرپورٹ پر 19 اکتوبر کو آیا تھا۔

لگ بھگ 3 ماہ بعد 16 جنوری کو آدیتیہ سنگھ نے یونائٹیڈ ایئرلائنز کے 2 ملازمین کے پاس پہنچا تو انہوں نے اس کی شناخت مانگی۔

جس پر آدیتیہ سنگھ نے مبینہ طور پر ایک ایئرپورٹ آئی ڈی بیج دکھایا جس کے گم ہونے کی رپورٹ اس کے مالک (ایئرپورٹ کا ایک آپریشن منیجر) نے 26 اکتوبر کو درج کرائی تھی۔

اسسٹنٹ اسٹیٹ اٹارنی کیتھلین ہیگرٹی کے مطابق ایئرپوررٹ پر آنے والے مسافر اس شخص کو غذا فراہم کرتے تھے، جس کا کوئی مجرمانہ پس منظر نہیں۔


کیتھلین ہیگرٹی نے بتایا کہ آدیتیہ سنگھ نے یہ بیج ایئرپورٹ میں دریافت کیا تھا اور وہ کورونا کے باعث گھر جانے کے خیال سے خوفزدہ تھا۔

آدیتیہ سنگھ نے ماسٹر ڈگری حاصل کی ہوئی ہے مگر بیروزگار ہے جبکہ لاس اینجلس میں دیگر کئی افراد کے ساتھ ایک کمرے میں رہ رہا ہے۔

آدیتیہ سنگھ کو ایک ہزار ڈالرز کے عوض ضمانت پر رہا کیا جائے گا تاہم اس کے ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

تازہ ترین