امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ جانتا ہوں امریکی عوام اب بھی بہت مقبول ہوں، ہم نے اپنے دور میں جو کچھ کیا بہت اچھا کیا۔
وائٹ ہاؤس سے روانگی کے بعد جوائنٹ ایئربیس اینڈریوز پر حامیوں سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کی تعریف کی۔
انہوں نے کہاکہ امریکا کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے، ہم نے امریکی فوج کی تشکیل نو کی، سابق فوجیوں کی جانب سے ہمیں سب سے زیادہ ریٹنگ ملی، ہم نے نئی خلائی فورس بنائی۔
امریکی صدر نے مزید کہاکہ اقتدار کے 4 سال بہت بہت شاندار رہے، بہت سے مسائل کا سامنا رہا، لیکن وہ رکاوٹیں کامیابی سے عبور کیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ امریکا کا صدر ہونا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے، ہمارے دور میں کورونا ویکسین کی جلدی فراہمی ایک منفرد کارنامہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہاکہ ہمارےدور میں اسٹاک مارکیٹ میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنےمیں آیا، ہم نے امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکسوں میں کمی کی، کورونا کی وبا نہ ہوتی تو امریکی معیشت میں تاریخی نمو ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دوران اقتدار بہت سے مسائل کا سامنا رہا لیکن ہم نے وہ رکاوٹیں کامیابی سے پار کیں۔
تقریب سے میلانیا ٹرمپ نے بھی خطاب کیا اور امریکی کی خاتون اول ہونے کو خود کےلیے اعزاز قرار دیا۔