قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختون خوا نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر افراد کی مبینہ کرپشن اور اثاثوں کی انکوائری کے کیس میں مولانا فضل الرحمٰن کے داماد کو طلب کر لیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختون خوا نے نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے داماد فیاض علی کو 28 جنوری کو طلب کیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے فیاض علی کو ذرائع آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات سمیت نیب آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب خیبر پختون خوا کی جانب سے جاری کیئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فیاض علی نیب دفتر میں پیش ہو کر اپنا بیان قلم بند کرائیں۔
نیب کے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فیاض علی کے پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمٰن کے داماد فیاض علی جے یو آئی ف کے سابق سینیٹر حاجی غلام علی کے صاحبزادے ہیں۔
جے یو آئی ف کے سابق سینیٹر حاجی غلام علی نے اس حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک ہمیں نیب کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2001ء میں نیب نے میرے خاندان کے خلاف انکوائری کی تھی، نیب نے مجھے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد میں عدالت سے باعزت بری ہوا تھا۔