• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق نے سندھ کو لاوارث چھوڑ دیا ، ہم نہیں چھوڑیں گے، بلاول بھٹو زرداری


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق نے سندھ کو لا وارث چھوڑ دیا ہے، لیکن ہم نہیں چھوڑیں گے۔

لاڑکانہ کے موہنجوداڑو روڈ پر نئے انڈسٹریل ایریا کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہاکہ صنعتی زون کا فائدہ لاڑکانہ اور صوبے کے عوام کے لیے فائدہ آگے جاکر نظر آئے گا۔

انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ سے مقامی انڈسٹری کو فائدہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اپنے منشور کے تحت عوام کی خدمت کی۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہاکہ سی پیک کا منصوبہ آصف زرداری نے شروع کیا تھا، لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا منصوبہ کچھ سال پہلے صرف کاغذات میں تھا۔


اُن کا کہنا تھاکہ بزنس کمیونٹی، تاجروں اور کمزور طبقے کا بھی خیال رکھنا ہے، سکھر میں مزدور سٹی کا افتتاح کیا، لاڑکانہ میں انڈسٹریل زون کے لیے وزیراعلیٰ سندھ مراعات دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ انڈسٹریل زون کا فائدہ لاڑکانہ اور صوبے کے عوام کو ہوگا، عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کی راہ میں رکاوٹ پیپلز پارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ انڈسٹریل زون مستقبل میں سی پیک سے جڑ جائے گا، بزنس اور انڈسٹریل سیکٹر کے ساتھ ملکر آگے بڑھنا ہے، وفاقی حکومت کی پالیسز سے تاجر برادری تنگ ہے۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہاکہ دو سال میں جو ملکی معیشت کو نقصان ہوا، ایسا پاکستا ن کی تاریخ میں نہیں ہوا، صنعت کاروں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، ڈنڈے کے ساتھ ملک چلانے کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت نے باقی صوبوں اور ایف بی آر کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس جمع کیے، جن سے ٹیکس لینا تھا ہم نے انہیں مجرم نہیں سمجھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وفاق نے سندھ ہی نہیں ملک کے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے ،کبھی ہماری معاشی شرح بنگلا دیش اور افغانستا ن سے کم نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کا ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر کا وعدہ آج تک نظر نہیں آیا، حکومتی وزیر بھی مانتے ہیں کہ عمران خان کے راستے میں رکاوٹ ہے تو پیپلز پارٹی اور مراد علی شاہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو نیب کے ذریعے ٹارگٹ کیا گیا، غیر جمہوری طاقتوں کو حکومت سے نکالنا جانتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہاکہ نالائق اور نااہل حکومت کی وجہ سے تاریخی غربت اور مہنگائی کا بوجھ عوام اٹھارہے ہیں، ملک میں عوام کی نمائندہ حکومت لانا چاہتےہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے نالائق، نااہل حکومت کو گھر بھیجنا چاہتےہیں، جمہوری، قانونی اور آئین طریقے سے اس حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

تازہ ترین