گزشتہ سال 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی اہلیہ کہتی ہیں کہ اُن کے شوہر کو اُن کی سالگرہ کبھی یاد نہیں رہتی تھی۔
عرفان خان کی اہلیہ ستاپا سکدر نے اپنی سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے مرحوم شوہر کے لیے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
ستاپا سکدر نے عرفان خان سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آپ کو کبھی میری سالگرہ یاد نہیں رہتی تھی کیونکہ آپ کو ان دُنیاوی کاموں سے شرم آتی تھی۔‘
عرفان خان کی اہلیہ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’کیا آپ کو آج کی دُنیا کچھ دوسری توانائیاں یاد ہیں؟‘
اُنہوں نے کہا کہ ’جب آپ اس دُنیا میں دوسرے جہاں کے بارے میں سوچتے تھے تو آپ حیران ہوجاتے تھے۔‘
ستاپا سکدر نے کہا کہ ’کیا آپ آج بھی میری سالگرہ بھول گئے ہیں؟‘
اُنہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ وہ یادگار تصویر بھی شیئر کی جس میں عرفان خان اپنی اہلیہ کی سالگرہ بھولنے پر عجیب سا منہ بنائے بیٹھے ہیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی آخری فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ رواں سال ریلیز ہوگی۔
عرفان خان کی اس آخری فلم کے ہدایتکار انوپ سنگھ ہیں جبکہ عرفان خان نے اس فلم میں اونٹوں کے تاجر کا کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔