بھارتی متنازع بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے پیسوں کی کمی کی وجہ سے اپنا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ وصول کرنے کی تقریب کے لیے اپنا ڈریس خود ڈیزائن کیا تھا۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر اپنے فین پیچ کا ایک ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے پہلے نیشنل ایوارڈ کی تقریب کے حوالے سے کچھ انکشافات ظاہر کیے ہیں۔
کنگنا رناوت نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے پہلے نینشل ایوارڈ کے ساتھ متعدد خصوصی یادیں وابستہ ہیں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’ سب سے پہلے تو یہ کہ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی کم عمر اداکاراؤں میں سے ایک تھی۔‘
اُنہوں نے اپنے ڈریس کے حوالے سے انکشاف ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے اس تقریب میں پہننے کے لیے اپنا ڈریس خود ڈیزائن کیا تھا کیونکہ میرے پاس اتنی رقم نہیں تھی کہ میں اپنے لیے کچھ خاص خرید سکوں۔‘
فین پیج پر شیئر کی گئی مذکورہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنگنا رناوت سیاہ رنگ کی انار کلی فراک میں ملبوس چہرے پر مسکراہٹ لیے اپنا سرٹیفیکٹ وصول کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ کنگنا رناوت کو نیشل فلم ایوارڈ میں بہترین معاون اداکارہ کا اعزاز بالی ووڈ فلم ’فیشن‘ میں ’شونالی گجرال‘ کا کردار ادا کرنے پر دیا گیا تھا۔
اس فلم کی ہدایت کار مادھور بھنڈارکر تھیں جبکہ فلم کے مرکزی کرداروں میں کنگنا رناوت کے ساتھ ساتھ پریانکا چوپڑا اور مگدھا گوڈسے کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت فلم انڈسٹری میں اقرباپروری کے خلاف آواز بلند کرنے والوں میں شامل ہیں جبکہ انہوں نے اس انڈسٹری کو ’گٹر‘ سے بھی تشبیہ دی تھی۔