• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرما رُت میں سُوپ کا استعمال کسے پسند نہیں کہ یہ سردی کا اثر زائل کرتا ہے اور اگر یہ سُوپ گھر ہی میں تیار کیا جائے تو اس کی افادیت اور ذائقہ کچھ اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ تو لیجیے، آج کی سرد شام اپنے پیاروں کی تواضع گرما گرم سُوپ سے کریں۔

نوڈلز سُوپ

اجزاء:نوڈلز دو کپ، گاجر(باریک کاٹ لیں)دو عدد، شملہ مرچ (باریک کاٹ لیں) ایک عدد،مکئی کے دانے آدھا کپ،چکن کی یخنی تین کپ، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد ،لہسن تین جوے،اجوائن کے پتّے حسبِ ضرورت،تیز پات ایک عدد، کالی مرچ پاؤڈر حسبِ ضرورت،نمک حسبِ ذائقہ، پارسلے آدھا کپ اور تیل دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب:پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز، لہسن، تیز پات، گاجر، شملہ مرچ ، مکئی کے دانے، اجوائن کے پتّے اور چکن کی یخنی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔پھر اس میں نوڈلز شامل کرکے پکنے دیں۔آخر میں پارسلے، نمک اور کالی مرچ پاؤڈرشامل کرکے تھوڑا سا پکا کے چولھا بند کردیں۔

وان ٹان سُوپ

اجزاء:چکن کی یخنی چھے پیالی،مش روم (باریک کٹی ہوئی) چار عدد،ہری پیاز(باریک کٹی ہوئی) دو عدد، بند گوبھی (باریک کٹی ہوئی) ایک پیالی، ادرک(باریک کٹی ہوئی) ایک انچ کا ٹکڑا،کالی مرچ(کُٹی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،سویا سوس دو کھانے کے چمچ، تِل کا تیل ایک چوتھائی چائے کا چمچ ۔

وان ٹون کے اجزاء:مرغی کا قیمہ ایک پاؤ، سموسے کی پیٹاں چارعدد، پیاز (چوپ کی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ(کُٹی ہوئی) آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب: قیمے میں پیاز، کالی مرچ اور نمک اچھی طرح مِکس کرکے رکھ دیں۔ اب سموسے کی پٹیوں کے چوکور ٹکڑے کاٹ کر ان کے درمیان قیمے والا مسالا رکھ کر پوٹلی کی شکل دیں اور پانی سے کنارے چپکا دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے وان ٹون فرائی کرلیں۔ دیگچی میں یخنی ڈال کر اُبالیں اور وان ٹان سمیت تمام اجزاءشامل کرکے چند منٹ پکا کر چولھا بند کردیں۔

چکن سُوپ

اجزاء:چکن( بون لیس قدرے چھوٹی بوٹیاں)ایک پاؤ،یخنی چار پیالی،ہری پیاز(باریک کٹی ہوئی)ایک عدد،گاجر(باریک کاٹ لیں)آدھی پیالی، ادرک (چھیل کر باریک کاٹ لیں) دو انچ کا ٹکڑا،کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،سرکہ ایک چائے کا چمچ،سویا سوس ایک چائے کا چمچ،کارن فلور (حسبِ ضرورت پانی میں گھول کر رکھ لیں) دو کھانے کے چمچ اورتیل ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب:ایک باؤل میں چکن کی بوٹیاں نمک، کالی مرچ، سرکہ اور سویا سوس ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں اور پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔اب پین میں تیل گرم کریں اور چکن بمع مسالا اور گاجریں ڈال کر فرائی کرلیں۔چکن سُنہری ہونے پر یخنی شامل کرکے ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ کے لیے پکنے دیں۔اس کے بعد اس میں کٹی ہوئی ادرک ڈال کر دو سے تین منٹ پکائیں اور چمچ چلاتے ہوئے کارن فلور بھی شامل کردیں۔ گاڑھا ہونے تک پکنے دیں ۔آخر میں ہری پیاز چِھڑک کر چولھا بند کردیں۔

فرینچ سُوپ

اجزاء: فرینچ لوف(قدرے چھوٹےسلائس کاٹ لیں) ایک عدد، میدہ ایک کھانے کا چمچ،پیاز(باریک کٹی ہوئی)ایک عدد، مکھن دو کھانے کے چمچ،سفید مرچ ایک چائے کا چمچ، چینی (پِسی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،چیز حسبِ ضرورت اور یخنی چار کپ۔

ترکیب: ایک پتیلی میں مکھن پگھلا کر اس میں پیاز فرائی کرلیں۔ اب اس میں میدہ ڈال کر تھوڑا سا بھون کر یخنی شامل کرکے پکنے دیں۔ اس دوران چینی کا گاڑھا شیرہ بنالیں۔اس کے بعدسوپ میں شیرہ، نمک اور کالی مرچیں ڈال کر ایک دو منٹ پکنے دیں۔ آخر میں فرینچ لوف کے سلائسزاور چیز ڈال کر ایک اُبال آنے کے بعد چولھا بند کردیں۔

تازہ ترین