اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ میں وفاقی حکومت کی جانب سے ʼʼسینیٹ کے انتخابات کیلئے کھلے عام رائے شماری کا طریقہ کار رائج کرنے ʼʼ کے حوالے سے ذیلی قانون سازی سے متعلق قانونی و آئینی رائے کے حصول کیلئے دائر کئے گئے صدارتی ریفرنس میں حکومت سندھ نے ریفرنس کی مخالفت کرتے ہوئے فاضل عدالت سے اسے خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔
سوموار کے روز جمع کروائے گئے صفحات کے جواب میں صوبائی حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ صدارتی ریفرنس سیاسی مصلحت کی بناء پر سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا ہے ،جس میں کوئی قانونی سوال نہیں اٹھایا گیا ہے۔
جواب کے مطابق سینٹ کا الیکشن آئین کے تحت منعقد ہوتا ہے،الیکشن ایکٹ 2017 میں صرف سینٹ انتخابات کا طریقہ کار واضح کیا گیا ہے،سینٹ انتخابات پر آئین کے آرٹیکل 226 کا اطلاق ہوتا ہے۔
یہ ریفرنس خالصتاً سیاسی نوعیت کاہے، جواب کے مطابق سینیٹ الیکشن سے متعلق معاملہ براہ راست سپریم کورٹ میں بھیجنے سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ پارلیمنٹ میں ابھی اس پر بحث مکمل نہیں ہوئی ہے ۔