اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکمران مریم نواز سے خوفزدہ ہیں۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مریم نواز کی شرکت پر وزیر مملکت علی محمد خان نے اعتراض اٹھایا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت کے پارلیمنٹ کے فلور پر اُٹھائے گئے اعتراض پر ہم جواب دینے کے لیے تیار تھے۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ ہم نے علی محمد خان کی بات کا جواب دینے کے لیے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سے فلور دینے کا کہا تو انہوں نے اجلاس ہی ملتوی کردیا۔
اُن کا کہنا تھاکہ یہ اس لیے جواب نہیں سننا چاہتے کہ انہیں مریم نواز سے خوف ہے، ن لیگی نائب صدر کے خوف سے پارلیمان کا اجلاس تک نہیں چل سکتا۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہم تو توقع کررہے تھے کہ علی محمد خان پارلیمنٹ کے فلور پر بتائیں گے عمران خان کب ہاؤس میں آئیں گے؟
انہوں نے کہاکہ ہم توقع کررہے تھے کہ ایوان میں بتایا جائے گا کہ فارن فنڈنگ، آٹا اور چینی چوری پر جواب کب آئے گا؟