پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ رواں ہفتے ہوجائے گا۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست پر جواب جمعرات کو دیا جائے گا۔
پی ایس ایل کا چھٹا سیزن 20 فروری سے کراچی میں شروع ہورہا ہے، جس کے ابتدائی 20 میچز شہر قائد میں کھیلےجائیں گے جبکہ آخری 14 میچز لاہور میں ہوں گے۔
پی سی بی نے لیگ کے دوران تماشائیوں کی محدود تعداد میں اجازت کے لیے حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان نے این سی او سی حکام سے ملاقات بھی کی اور انہیں پوری صورتحال پر بریف کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی جمعرات تک جواب ملنے کیلئے پُرامید ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی، پی ایس ایل میچز کے دوران 20 سے 40 فیصد تماشائیوں کو میدان میں لانا چاہتا ہے۔