گوجرانوالہ میں مبینہ زیادتی اور تشدد کا شکار بچہ دورانِ علاج دم توڑ گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے 1 ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے رہائشی بچے کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی محلے دار نوجوان جمشید سے چند روز قبل بہن پر فقرے کسنے سے منع کرنے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔
ملزمان نے بچے کو مبینہ زیادتی اور تشدد کے بعد خالی پلاٹ پر پھینک دیا تھا، پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد ملے تو زیادتی کی دفعات کا اضافہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی جانب سے گوجرانوالہ میں بچے سے زیادتی اور قتل کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ پولیس سے رابطے میں ہیں، پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔