• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: واٹر بورڈ کی کارروائی، لیاقت آباد و گلشن اقبال میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا


کراچی واٹر بورڈ کے اینٹی واٹر تھیفٹ سیل نے لیاقت آباد اور گلشن اقبال کے علاقے میں آپریشنز کیے ہیں، جس کے دوران گلشن اقبال چورنگی کے قریب لیاری ندی سے بھی پانی چوری اور غیرقانونی سپلائی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق یہ آپریشنز صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے کیے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کا پانی چوری کر کے زیر زمین نیٹ ورک سے انڈسٹریل ایریاز کو سپلائی کیا جاتا تھا، لیاقت آباد قاسم آباد میں لیاری ندی سے گزرنے والی 33 انچ کی لائن سے بڑے کنکشن لیے گئے تھے۔

واٹر بورڈ حکام کے مطابق چوری شدہ پانی بڑے ٹینکس میں ذخیرہ کرکے زیرِ زمین لائنوں کے ذریعے سپلائی کیا جاتا تھا۔ پانی سپلائی کے لیے ہیوی جنریٹرز اور 5 سے 6 انچ کے سب مرسیبل پمپ لگائے گئے تھے۔

ذرائع واٹر بورڈ کے مطابق لیاقت آباد قاسم آباد میں نیاز، اجمل اور وحید پانی چوری کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ پانی چوروں نے لیاری کو سپلائی دینے والی 33 انچ قطر کی مین لائن سے کنکشن لیے ہوئے تھے۔

گلشن اقبال چورنگی کے قریب لیاری ندی سے بھی پانی چوری اور غیرقانونی سپلائی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، معروف سپر اسٹور کے قریب نیپا چورنگی کو سپلائی دینے والی 33 انچ کی مین لائن سے چوری کی گئی تھی۔

چوری شدہ پانی چار بڑے ٹینکس میں جمع کرکے ہیوی مشینری کے ذریعے زیر زمین لائنوں سے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا سپلائی دیا جاتا تھا۔

واٹر بورڈ ذرائع کے مطابق پانی چوری کے اس نیٹ ورک میں فضل کرم کے گروہ کا نیٹ ورک پایا گیا ہے۔

کاروائی کے دوران ہیوی مشینری، پانی کی موٹریں اور ہیوی پمپ ضبط کر لیے گئے۔ اگلے مرحلے میں سہراب گوٹھ کے اطراف لیاری ندی میں آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین