لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کے موقع پر مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے اپنی بھتیجی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو فون کیا اور ان سے ان کی بیٹی مہرالنساء کی خیریت بھی دریافت کی۔
احتساب عدالت لاہور میں میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پیش ہوئے جنہوں نے اپنی حاضری مکمل کرائی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر شہباز شریف نے ٹیلی فون پر اپنی بھتیجی مریم نواز سے گفتگو کی اور ان سے ان کی صاحبزادی مہر النساء کی خیریت بھی دریافت کی۔
مریم نواز کی صاحبزادی مہر النساء گزشتہ روز گالف کی کار ڈرائیو کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھیں، مہر النساء کے سر میں چوٹ آئی تھی اور اسپتال میں ان کے سر کی سرجری بھی کی گئی تھی تاہم طبیعت بہتر ہونے کے بعد انہیں شریف میڈیکل سٹی اسپتال جاتی امراء سے گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب احتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کے موقع پر لوئر مال اور ملحقہ سڑکوں پر رکاوٹوں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
عدالت کے ارد گرد اور ملحقہ سڑکوں پر کنٹینر اور خاردار تاریں لگائی گئی تھیں، ٹریفک کے شدید دباؤ میں ایمبولینس بھی پھنس گئی۔