• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویڈیو معاملہ: عبید اللّٰہ مایار کا موقف بھی سامنے آگیا


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبید اللّٰہ مایار نے ایک کروڑ روپے لینے کا اعتراف کرلیا تاہم اُن کا کہنا ہے کہ حکومت نے یہ رقم تمام ایم پی ایز کو ترقیاتی کاموں کے لیے دی تھی۔

سینیٹ الیکشن 2018ء میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت سے متعلق ویڈیو سامنے آنے کے بعد عبید اللّٰہ مایار نے اپنا موقف پیش کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ کی رقم سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے کہنے پر لی جو سینیٹ الیکشن کے لیے نہیں تھی۔

سابق ایم پی اے نے مزید انکشاف کیا کہ ویڈیو میں دکھائی گئی رقم سینیٹ الیکشن کے لیے نہیں تھی بلکہ حکومت نے تمام ایم پی ایز کو ترقیاتی کاموں کے لیے دی تھی۔


اُن کا کہنا تھا کہ رقم اسپیکر ہاؤس میں تقسیم کی گئی اور وہیں پر حکومت نے اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

عبید اللّٰہ مایار نے ایک اور وضاحت کی کہ زیر گردش ویڈیو ایڈٹ کی گئی ہے، میز پر رقم کے بنڈل نہیں بلکہ کتابیں رکھی ہیں۔

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہی جانتے ہوں گے کہ وہ سینیٹرز کیسے منتخب ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا اسپیکر ہاؤس میں دیے گئے پیسے پر ہماری حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں شک ہے کہ آپ نے ووٹ نہیں دیا ،اس لیے پیسے واپس کردیں۔

عبید اللہ مایار نے یہ بھی کہا کہ ہم پارٹی کے ساتھ وفادارتھے،پارٹی کے امیدوارکوہی ووٹ دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 17 افراد کا گروپ بنایا گیا تھا ہمیں ایوب آفریدی کے گروپ میں رکھا گیا۔

تازہ ترین