• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنخواہوں میں اضافہ وفاقی اور سیکریٹریٹ ملازمین کیلئے ہے، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ وفاقی اور سیکریٹریٹ ملازمین کے لیے ہے۔

وفاقی ملازمین کے وفد اور حکومتی ٹیم کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے، حکومتی ٹیم میں شیخ رشید، پرویز خٹک اور علی محمد شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی ملازمین کے وفد کی قیادت رحمان باجوہ کررہے ہیں، مذاکرات میں تنخواہوں کے معاملے کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے چکے ہیں، تنخواہیں بڑھانے کی منظوری وفاقی کابینہ سے سمری سرکولیشن سے لی جائے گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 1 گریڈ سے 19 گریڈ تک تمام باتیں باہمی اتفاق رائے سے طے ہوگئی ہیں، وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کے مسئلے کے لیے کمیٹی بنائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج سرکاری ملازمین کی ہڑتال ختم ہو جائے گی اور سب گھروں کو واپس جائیں گے، تمام گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ جن کے خلاف پرچہ کٹا اور جو گرفتار ہوئے ان سب کو رہا کرنے کا اعلان کرتا ہوں، پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے بھی اگلے بجٹ میں اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب پرویز خٹک نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو 25فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا، جون میں بجٹ سے اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ریلیف بجٹ آنے سے پہلے ملتا رہے گا، ٹائم اسکیل خیبرپختونخوا میں منظور ہوگیا ہے، باقی صوبے بھی کریں گے، ٹائم اسکیل کا ایک طریقہ کار بنایا جائے گا کہ کس کو ملنا چاہیےاور کس کو نہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ جب تک پے کمیشن کا فیصلہ نہیں آئے گا تب تک ایڈہاک ریلیف جاری رہےگا،معذرت خواہ ہیں جو بھی کل ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گریڈ1 سے 19 گریڈ تک کے ملازمین کو ایڈ ہاک ریلیف ملے گا۔

علی محمد خان نے کہا کہ سرکاری ملازمین کا حق ہے کہ وہ اپنی تنخواہوں میں بڑھانے کا مطالبہ کریں، ایسا نہیں کہ کسی ایک کی تنخواہ زیادہ جبکہ دوسرے کی کم ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تفریق ختم کرنے آئے ہیں۔

تازہ ترین