• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلیم عادل شیخ کو باقاعدہ حراست میں لے لیا ہے، ایس ایس پی ملیر


ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا ہے، وہ پولیس کی تحویل میں ایس ایس پی ملیر آفس میں موجود ہیں۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق حلیم عادل کو الیکشن کمیشن کے حکم پر باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ حلیم عادل شیخ پر ہنگامہ آرائی اور دیگر مقدمات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کو ایس ایس پی ملیر کے آفس میں رکھا گیا ہے جب کہ ان کے ہمراہ دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہےکہ انتخابی حلقے میں فائرنگ کرنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی شکایت کے بعد الیکشن کمیشن کے حکم پر پولیس نے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو انتخابی حلقے سے حراست میں لے لیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ مسلح افراد کے ساتھ حلقے میں گشت کر رہے ہیں اور خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ میری گاڑی پر فائرنگ کی گئی، بلٹ پروف گاڑی پر نشانات بھی موجود ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے انتخابی حلقے میں فائرنگ کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں پی ٹی آئی کے ترجمان نے پیپلز پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ پی ایس 88 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ملیر درسانوچھنو گوٹھ میں حلیم عادل شیخ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے ویڈیو میں الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں نے فائرنگ کرائی ہے، پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کی گئی، غلام حسین جوکھیو گوٹھ کے پولنگ اسٹیشن آیا تھا جہاں حملہ کیا گیا۔

حلیم عادل شیخ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلٹ پروف گاڑی میں گولیاں لگی ہوئی ہیں، میں نے صبح ہی کہہ دیا تھا کہ پیپلز پارٹی کیا کرانا چاہتی ہے۔

تازہ ترین