• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاوے موسوی نے معلومات کے بدلے ایک ملین پونڈ طلب کئے، ڈیوڈ روز

لندن  (مرتضیٰ علی شاہ)  ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روز کے جاری ٹیکسٹ پیغامات کے مطابق انہوں نے براڈشیٹ کے سی ای او کاوے موسوی سے شہباز شریف کی جانب سے ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ پر ہتک عزت کیس سے متعلق معلومات پر تبادلہ خیال کیا لیکن دونوں کے درمیان تکرار اس وقت شروع ہوئی جب کاوے موسوی نے ان سے معلومات کے بدلے ایک ملین پونڈ طلب کئے۔ ڈیوڈ روز اور کا وےموسوی کے مابین ہونے والی تلخی میں جیو نیوز کے ایک ایکسکلوزو انٹرویو کے بعد سے 250000 پونڈز کمیشن کی ناکام ڈیل پر مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔کاوے موسوی نے اپنے اس انٹرویو میں کہا تھا کہ ڈیوڈ روز نے شہزاد اکبر اور ان کے درمیان ملاقات کا نہ صرف اہتمام کیا بلکہ 19 اکتوبر 2020 کو اس ملاقات کا انتظام کیا اور دونوں فریقوں سے کہا کہ وہ مستقبل میں مل کر کام کرنے کے طریقے تلاش کریں۔ ڈیوڈ روز نے کاوے موسوی کے ساتھ اپنی گفتگو کے کچھ حصے جاری کئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں نے شہباز شریف کے معاملے میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا لیکن جلد ہی ان کی گفتگو توہین آمیزی کے ایک مقابلہ تک پہنچ گئی۔ کا وے موسوی کے مطابق ڈیوڈ روز نے ان سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور اس معاہدے پر اتفاق کیا گیا کہ کاوےموسوی ڈیوڈ روز کو 250000 پونڈز کمیشن ادا کریں گے۔ کاوے موسوی نے کہا کہ ڈیوڈ روز نے انہیں بتایا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی انتظامیہ میں’’نئے لوگوں‘‘ کو جانتے ہیں۔کچھ ہی دن میں شہزاد اکبر ڈیوڈ روز کی درخواست پر لندن پہنچ گئے اور لندن میں ایک اجلاس ہوا، جس میں ڈیوڈ روز اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈیوڈ روز کی جانب سے جاری کردہ سکرین شاٹس کے مطابق 6 فروری 2021 کو کاوے موسوی نے جیو نیوز کی شہباز شریف کی ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کی سٹوری ڈیوڈ روز سے یہ کہتے ہوئے شیئر کی کہ ’’اب آپ کے اخبار کو واقعتاً میری مدد کی ضرورت ہے‘‘ ڈیوڈ روز نے جواب دیا کہ یہ صرف ابتدائی سماعت تھی اور پی ایم ایل این کی رپورٹیں گھٹیا ہیں۔ یہ شہباز کے لئے کوئی فتح نہیں ہے لیکن اگر آپ کے پاس ایسی معلومات ہیں جو مددگار ثابت ہوں گی تو چلیں اس پر بات کرتے ہیں۔ کاوے موسوی نے جواب دیا کہ میں اپنے نئے معاہدے کا انتظار کر رہا ہوں۔ بصورت دیگر 1 ملین پونڈ آپ کے اخبار کا ہے۔ ڈیوڈ روز نے جواب دیا کہ معاف کیجئے گا، میں خود ہی اس کام میں جتا ہوا ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے کامیابی کا خواب دیکھنا چاہئے۔ کیا آپ سنجیدگی سے یہ تجویز کر رہے ہیں کہ آپ کے پاس ایسے ثبوت موجود ہیں جو انصاف کی انتظامیہ کی مدد کریں اور آپ صرف ایک ملین پونڈ کی وصولی پر ہی اس کا انکشاف کریں گے؟کاوے موسوی نے اس کے بعد ڈیوڈ روز کے ہنسنے کے انداز سے قہقہ لگایا کہ ڈیلی میل انصاف کی انتظامیہ میں دلچسپی رکھتی ہے۔ کاوے نے لکھا ’’مجھے کچھ وقت دو‘‘۔ ڈیوڈ روز نے کہا کہ میں پہلے ہی واضح کرچکا ہوں کاوےموسوی کا یہ دعویٰ قطعی غلط ہے کہ میں نے شہزاد اکبر سے براڈشیٹ کیس پر تبادلہ خیال کے لئے ملاقات کا اہتمام کرنے پر رقم طلب کی۔ میں واقعتاً تصور نہیں کرسکتا کہ وہ ملاقات کے 17 ماہ بعد اب یہ عوامی سطح پر کیوں کہہ رہا ہے۔ وہ اپنے دعویٰ میں زیادہ متاثر کن دکھائی نہیں دیتا تھا۔ آپ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آپ کس پر یقین کرنا چاہتے ہیں۔ یہ سچ ہے کہ اس نے مجھے رقم کی پیش کش کی لیکن میں نے انکار کردیا لیکن اس نے مجھ سے اور میرے اخبار سے رقم کا تقاضہ کیا۔ ہوسکتا ہے کہ مسٹر اکبر سے ملاقات کے بارے میں جن صحافیوں نے ان سے انٹرویو لیا تھا، ان میں سے اب وہ یہ جان سکیں گے کہ شریف خاندان کے بارے میں ان کے پاس عظیم معلومات کیا ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ وہ اس سے دستبردار ہونے کے لئے ایک ملین نہیں مانگے گا۔ ڈیوڈ روز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس نے کاوے موسوی سے آکسفورڈ میں واقع اپنے گھر پر ملاقات کی، ان کے مابین ملاقات کا اہتمام کیا اور اس میٹنگ میں بھی حصہ لیا لیکن انہوں نے کمیشن میں 250000 پونڈزطلب کرنے سے انکار کیا۔

تازہ ترین