امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی شہریوں کی اکثریت ایران جنگ کے خاتمے سے زیادہ یہ چاہتی ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکا جائے۔
صدر ٹرمپ کے سوشل میڈیا پر پول میں صارفین سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا امریکا کی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا ہونی چاہیے یا پھر جاری تنازع کا خاتمہ۔
نتائج کے مطابق اکثریت نے ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے حق میں رائے دی، جبکہ نسبتاً کم افراد نے فوری جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کو ترجیح قرار دیا۔
سروے شیئر کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکیوں کی اکثریت نے کہا ہے کہ جنگ ختم کرنے سے زیادہ اہم ایران کو جوہری ہتھیارحاصل کرنے سے روکنا ہے۔
سروے کے مطابق 53 فیصد امریکی ووٹرز کا کہنا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا لڑائی ختم کرنے سے زیادہ اہم ہے، 60 فیصد افراد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کو امریکا میں توانائی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے پر ترجیح دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیانات میں بھی بارہا کہا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے، جبکہ امریکا خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
سی این این کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ فروری کے آخر میں شروع ہونے والے تنازع کے خاتمے کے لیے نئی تجویز پر جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات اب بھی مختلف اور متضاد پیغامات دے رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ بار بار اس مؤقف کو دہرا رہے ہیں کہ امریکا صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے، ایران کی فوجی طاقت شدید متاثر ہوچکی ہے اور معاملات جلد ختم ہونے والے ہیں۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی بحال ہونی چاہیے۔