• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب عدالت، شہباز شریف سے ملاقاتوں میں شور پر جج برہم

لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف، سابق سیکرٹری عمل درآمد وزیر اعلیٰ پنجاب فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 13 ملزمان کیخلاف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم ریفرنس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو جرح کے لیے طلب کرلیا اور شہباز شریف، احد چیمہ اور دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔دوران سماعت نیب کے دو گواہان سعید اختر اور محمد ذیشان کے بیانات قلمبند کیے گئے. عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاکو بھی گواہان پر جرح کے لئے طلب کر لیا۔دوران سماعت کمرہ عدالت میں شور ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شہبازشریف کی کرسی کو روسٹرم کے قریب الگ سے رکھ دیا جائے کمرہ عدالت میں ملاقاتوں سے کارروائی میں خلل آرہا ہے شہبازشریف نے یقین دہانی کرائی کہ اب وہ ملاقاتیں نہیں کریں گے۔ سماعت کے دوران شہبازشریف نے عدالت سے سینٹ امیدواروں کے پارٹی ٹکٹس سائن کرنے کی اجازت طلب کی جو عدالت نے دے دی ۔آشیانہ ہائوسنگ سکیم ریفرنس کے دیگر ملزمان میں بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر،اسرار سعید اور عارف بٹ وغیرہ شامل ہیں۔

تازہ ترین