انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسامہ ستی قتل کیس میں گرفتار ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 5 مارچ کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس حسن نے یونیورسٹی طالب علم اسامہ ستی قتل کیس کی سماعت کی۔
گاڑی نہ روکنے پر اسامہ ستی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے گرفتار پولیس اہلکاروں کو بطور ملزم عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرایا گیا، جس کے بعد عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 5 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔
ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کرتے ہوئے واپس جیل بھجوا دیا گیا۔
کیس کو ٹرائل کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کے پاس منتقل کر دیا گیا ہے۔