• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گِل نے سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی جیت کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مریم اور ان کے پاپا کے بیانیئے کو شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حلقہ این اے 75 کا الیکشن 7 ہزار 827 ووٹوں سے جیت چکی ہے، جب ریاست مخالف بیانیہ دیں گے، کرپشن کریں گے، تو ہار آپ کا مقدر ہو گی۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ این اے 75 کا نتیجہ صبح 5 بج کر 40 منٹ پر آ چکا ہے تاہم آر او نارووال کے رہنے والے ہیں، جو احسن اقبال کے پریشر سے رزلٹ روک کر بیٹھے ہیں۔


وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ جیت جائیں تو نواز شریف کے بیانیئے کی جیت ہے، ہار جائیں تو نہتی لڑکی ہے۔


ایک اور تازہ ترین بیان میں انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کل رات سوا 10 بجے یہ ویڈیو شیئر کی تھی، یہ دیکھتے ہوئے کہ ایک تاثر بنایا جا رہا ہے کہ نون لیگ ضمنی الیکشن میں جیت رہی ہے جبکہ ہم لوگ جو فارم 45 سے رزلٹ اپ ڈیٹ کر رہے تھے اس کے مطابق پی ٹی آئی لیڈ لے رہی تھی۔


سوشل میڈیا پر شہباز گِل نے یہ بھی کہا ہے کہ صورتِ حال آپ کے سامنے ہے، مریم صاحبہ کے رونے دھونے کی پیش گوئی بھی رات ہی کر دی تھی۔

تازہ ترین