اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیف جسٹس بلاک پر حملہ میں ملوث وکلا ء کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کے لئے 21 وکلا کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں جبکہ جیل میں بند وکلاء کو جاری کئے گئے نوٹسز کی تعمیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے ذریعے کرانے کی ہدایت کی ہے ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ وکلا ء تحریری جواب جمع کرائیں، بارایسوسی ایشنزملوث وکلا ءکی خود نشاندہی کریں، سکروٹنی کمیٹی نے ہائی کورٹ حملہ میں ملوث 150 وکلا ء کی نشاہدہی کی ہے تاہم ابتدائی طور پر 21 وکلا کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ہفتہ کے روزجاری کیا گیا یہ حکمنامہ چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے قلمبند کیا ہے جس میں قراردیا گیا ہے کہ 8 فروری کو کچھ وکلا ء کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بلاک پر حملہ گیا تھا،وکلا نے ہائی کورٹ میں پر حملے کے دوران چیف جسٹس بلاک میں توڑ پھوڑ کی تھی،مشتعل وکلا کی جانب سے چیف جسٹس سمیت تمام ججوں کو چار گھنٹے تک محصور رکھا گیا تھا جبکہ سائلین کو حصول انصاف سے دور رکھا گیا، وکلا ء تحریری جواب جمع کرائیں ۔