اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ میں آج سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت ہوگی جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظرثانی کیس میں بنچ کی تشکیل کے معاملہ پر محفوظ شدہ فیصلہ بھی سنایا جائے گا۔
سینیٹ انتخابات سے متعلق دائر صدارتی ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ کرے گا۔
ادھر جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس میں بنچ کی تشکیل کے معاملہ پر محفوظ شدہ فیصلہ سنائے گا۔
دوسری جانب جعلی بینک اکاؤنٹ اور منی لانڈرنگ کیس کے ملزمان طحٰہ رضا، حسین لوائی اور محمد عمیر کی ضمانت کے مقدمات کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔
سابق سیکرٹری یونین کونسل روات جاوید اختر چوہدری کی ضمانت کے کیس کی سماعت بھی جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔
صوبائی انتخابی عذرداری سے متعلق میر محمد عاصم کرد بنام عبدالکریم کیس کی سماعت جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔