• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، شرجیل کی سنچری پر افتخار، طلعت، آصف کی ہٹنگ بھاری، اسلام آباد کامیاب

سپر لیگ، شرجیل کی سنچری پر افتخار، طلعت، آصف کی ہٹنگ بھاری، اسلام آباد کامیاب


کراچی(عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں کراچی کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ دفاعی چیمپئن197رنز کے ہدف کا دفاع نہ کر سکی ۔ افتخار احمد،حسین طلعت، آصف علی اور آصف علی کی ہٹنگ بھاری پڑگئی۔ کراچی کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ مسلسل چھٹے میچ میں ٹیم نے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔ افتخار احمد 37گیندوں پر تین چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 49پر ناٹ آئوٹ رنز بنائے ۔آصف علی نے محمد عامر کو دو چھکے مارے اور9گیندوں پر21ناٹ آئوٹ رنز اسکور کئے۔ محمد عامر نے چار اوورز میں44رنز دیے۔ کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹ پر196رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد نے پانچ گیند پہلے ہدف عبور کر لیا۔ قبل ازیں اوپنرفل سالٹ کی وکٹ محمد وسیم کو ملی۔ کپتان شاداب خان صفر پر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ایلکس ہیلز 21گیندوں پر ایک چھکا اور 8چوکوں کی مدد سے 46رنز بناکروقاص مقصود کا شکار بنے۔ فہیم اشرف کو25 پر ارشد اقبال نے بولڈ کردیا۔ انہوں نےدو چوکے اور د و چھکے لگائے ۔9اوورز میں ایک سو رنز بنے۔ آخری پانچ اوورز میں جیت کے لئے48رنز کی ضرورت تھی۔ حسین طلعت 31گیندوں پر42رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ افتخار اور حسین طلعت کے درمیان 94رنز کی پارٹنرشپ67 گیندوں پر بنی۔ شرجیل خان کو پی ایس ایل میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔بدھ کوانہوں نے دوسری سنچری بنائی اور بابر اعظم کے ساتھ نہ صرف اوپننگ بلکہ کسی بھی وکٹ کیلئے 176رنز کی ریکارڈ شراکت بنائی۔ شرجیل خان نے 55 گیندوں پر8 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ وہ 105 اور بابر 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شرجیل نے پہلے20گیندوں پر11جبکہ اگلے35گیندوں پر89رنز بنائے۔ انہوں نے کپتان شاداب خان کو مسلسل چار چھکے بھی لگائے۔55رنز پر شرجیل کا ایلکس ہیلز نے کیچ ڈراپ کیا جبکہ 70رنز پر وہ نوبال پر کیچ ہوئے ۔ بابر اعظم بھی 54 اور 55 رنز پر کیچ ہوئے مگر دونوں بار نو بال تھی۔ شرجیل خان بھی پی ایس ایل کے ایک اوور میں 4 چھکے لگانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین