آپ آف لائن ہیں
جمعرات9؍ رمضان المبارک 1442ھ22؍اپریل 2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

ملک کے تمام علاقوں سے لاپتا افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے،حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی پریس کلب پر لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے لگائے گئے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا، لاپتا افراد کے اہل خانہ سے ملاقات اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقوں کے لاپتا افراد کو فی الفور بازیاب کرایا جائے، بلوچ عوام پاکستان کے شہری ہیں ان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ ماضی میں حکمرانوں کی بے حسی اور لاپرواہی کی وجہ سے لاپتا افراد کو بازیاب نہیں کروایا جاسکا۔ اگر کوئی فرد کسی جرم میں شریک ہے تو عدالتوں کے ذریعے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ملک کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ عدالتوں کے فیصلوں پر عمل نہیں کیا جارہا۔ عدالتوں کے کام اگر ادارے کریں گے تو نفرتیں پروان چڑھنے کا خدشہ ہوگا۔ ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ۔ اگر ہمارے بچے کسی جرم میں ملوث ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ پچاس ہزار سے زائد افراد کو بغیر کسی جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید