اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 27 فروری2019 ہماری تاریخ کا یادگار دن اور روشن باب ہے، اس دن ہماری بہادر فوج نے دشمن کو سرپرائز دیا،دشمن ہماری امن کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ضلع صوابی کے گاؤں کنڈن میں سوئی گیس فراہمی منصوبے کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے جوانو ںنے فضائوں سے بھارتی پائلٹ کو نیچے گرایا،ہم خطے میں امن کے خواہشمند ہیں، امن کے اس جذبے کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے، پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہیے، خوداردایت کشمیر عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے سود کے خلاف بل پاس کیا ہے،پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، تحریک انصاف نے پشتونوں کو شناخت دی ہے۔.