• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی مظالم کے خاتمے تک جنگ بندی معاہدہ کامیاب نہیں ہوسکتا، محمد غالب

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی اور تعلقات کو بہتر بنانے کا فیصلہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور دہشتگردی کو بند نہ کرے۔ قائد کشمیر سید علی گیلانی نے بھی اس معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ بھارت کا ماضی کسی سے پوشیدہ نہیں، بھارت نے ہمیشہ دھوکا دیا، اپنے مقاصد کے لیے اس طرح کے معاہدے کیے پھر خود ہی خلاف ورزیوں کا ارتکا ب کرتا رہا اور خطے میں کشیدگی ختم کرنے میں کوئی مدد نہیں ملی ۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل کشیدگی کا سبب مسئلہ کشمیر ہے، حکومت پاکستان نے اگر ماضی کی طرح چار نکاتی تقسیم کشمیر کے کسی ایجنڈے پر عمل درآمد کرنےکی کوشش کی تو کشمیری اسے قبول نہیں کریں گے۔ پرویز مشرف نے بھی بڑی کوشش کی تھی مگر تحریک آزادی سے وابستہ قوتوں نے اسے ناکام بنا دیا تھا، اب پھر اس طرح کی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ادھر ہم ادھر تم کے فارمولے پر عمل درآمد کیا جائے۔ حکومت پاکستان ایسا کوئی قدم نہ اٹھائے جس سے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں ضایع ہوں ۔ محمد غالب نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے دفاع اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، نو لاکھ بھارتی فوج کو الجھا رکھا ہے، پاکستان کی موجودہ کشمیر پالیسی کشمیر عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق نہیں ہے، بھارت آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، حکومت پاکستان کی خاموشی سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے اور کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان کو اپنی وکالت کا حق ادا کرنا ہوگا۔ ایسا کوئی فیصلہ نہ کیا جائے جس سے تحریک آزادی کو نقصان ہو اور کشمیریوں کی توجہ بھارت سے ہٹ کر پاکستان کی جانب مبذول ہو جائے اور کشمیریوں کے اندر پاکستان کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا ہو جائیں۔

تازہ ترین