اسلام آباد (حنیف خالد) گنے کا کرشنگ سیزن آئندہ اتوار کو ختم ہو گا۔ ذرائع کے مطابق 55لاکھ ٹن چینی جو ملکی ضرورت کیلئے درکار ہے‘ وہ امسال پیدا ہوگی۔ گنے کے نرخ حکومت پنجاب اور کین کمشنر کی عدم توجہی کے باعث دو سو روپے من سے بڑھ کر سندھ میں ساڑھے تین سو سے پونے چار سو روپے من تک چلے گئے ہیں۔ گھوٹکی میں جے ڈی گروپ کی دو شوگر ملیں چل رہی ہیں‘ باقی بیشتر ملیں کے پی کے‘ پنجاب اور سندھ میں گنا نہ ملنے کی وجہ سے بتدریج بند ہو رہی ہیں۔ حکومت نے گنے کا کم سے کم امدادی نرخ دو سو روپے من مقرر کی ہوئی ہے لیکن کین کمشنر زمان وٹو اور حکومت پنجاب کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کرشنگ سیزن کے اختتام پر گنے کی قیمت دو سو سے بڑھ کر ساڑھے تین سو سے پونے چار سو روپے من تک پہنچا دی ہے۔