• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب ہم بتائیں گے عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اب ہم بتائیں گے عدم اعتماد کب ہوگا اور کہاں ہوگا، اب کٹھ پتلی تماشا اور ڈرامہ بازی نہیں چلے گی، خان کو رویہ درست کرنا پڑے گا۔

اسلام آباد میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان پہلے اسمبلی توڑنے سے بھاگے اب نیا ڈرامہ سامنے لائے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا ہے آپ اپنے ارکان، ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، اعتماد کا ووٹ لینے کا ڈرامہ اپنی ہار کو چھپانے کی کوشش ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر پاکستانی کو نالائق، ناجائز حکومت نے 3 سالوں میں تکلیف پہنچائی، ہر پاکستانی نے پی ڈی ایم کی جیت کا جشن منایا، کٹھ پتلی حکومت کی شکست کا جشن منایا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ کل رات پوری حکومت پریس کانفرنس کرنے آئی، ہم نے عمران خان کا چیلنج قبول کرلیا تھا، عمران خان نے کہا تھا کہ ہم یہ نشست جیت گئے تو اسمبلی توڑ دیں گے، عمران ڈر پوک ہے، الیکشن سے ڈرتا ہے، پہلے اسمبلی توڑنے سے بھاگے اب نیا ڈرامہ سامنے لائے ہیں، آپ کو آپ کے لوگوں نے ریجیکٹ کردیا ہے، عمران کہہ رہا تھا آج اعتماد کا ووٹ لے گا، اب پتہ نہیں کب لے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے ایک ایک ووٹ، ایک ایک ایم این اے کا پتہ ہے، یہ فیصلے آپ نہیں لیں گے میں آپ کو بتاؤں گا کہ عدم اعتماد کب ہوگا اور کہاں ہوگا، ہم اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے ان کو ایکسپوز کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جو متفقہ فیصلہ ہوگا اس پر عمل ہوگا، اب یہ ڈرامے بازی نہیں چلے گی، اس حکومت کو اب کوئی نہیں بچا سکتا، ہمیں پہلے پنجاب کو بچانا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں جانتا ہوں، خان صاحب کو نہیں پتہ، مگر مجھے ایک ایک ووٹ کا پتہ ہے ایک ایک ایم این اے کا پتہ ہے، مجھے پتہ ہے کس نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیے، مجھے پتہ ہے کس نے بغضِ حفیظ شیخ اور بغضِ عمران میں ووٹ دیے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ آپ نے ایک اینٹ نہیں لگائی، ہم جانتے ہیں، ایم این ایز سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی شکل اپنے علاقے میں دکھانے کے قابل نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم آپ کو چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے، آپ نے تین سال سے عوام کا جینا حرام کردیا تھا ،آپ نے ہر پاکستانی کا خون چوسا ہے، ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں بھی مقابلہ کریں گے، ہم آپ کو چھوڑیں گے نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ساری جماعتوں سے ملنے کا بات کرنے کا کل مجھے موقع ملا، سنا ہے کہ حکومت نے بھی اپنے امیدوار کا اعلان کیا ہے۔

ہم مل کر لڑیں گے اور مل کر ان کو ٹف ٹائم دیں گے، میں نے بار بار واضح کیا ہے کہ پی ڈی ایم کے فیصلے متفقہ ہوں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ کس نے کس کو ووٹ دیا یہ میں شیئر نہیں کرسکتا، بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو ووٹ دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دیے، ہم عوام کی آواز پارلیمان کے اندر پہنچائیں گے اور انہیں ٹف ٹائم دیں گے۔

تازہ ترین