• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں؟ شبلی فراز کا سوال


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے استفسار کیا ہے کہ اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں؟

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اعتماد کا ووٹ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات جیت کر دکھائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے 2، 3 ارکان غیر حاضر تھے، جنہوں نے پہلے ہی نہ آنے کی وجہ بتادی تھی۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ اتحادی ہر موقع پر ساتھ کھڑے ہوئے، کل اسمبلی اجلاس کے بعد عمران خان اور بھی مضبوط ہوکر نکلیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے یہ بیانیہ پلانٹ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ان کا ٹکٹ بکا جبکہ ن لیگ کے ٹکٹ کی کوئی حیثیت نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز نے نوٹ کو اپنے ٹکٹ سے تشبیہ دی ہے جبکہ اس وقت تحریک انصاف کا ٹکٹ ہاٹ آئٹم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ خود ساختہ ہے، اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہماری پارٹی نے پیسے کا کلچر ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیسے کے بل پر جو لوگ آتے ہیں وہ عوام کے بجائے اپنے مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کے لیے عمران خان کی مخالفت کرنے والے سامنے آگئے، یہ وہ لوگ ہیں جو چھانگا مانگا کے موجد تھے، اس قسم کے ووٹ میں ووٹ نہ دینے والے کے لیے نااہلی بنتی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ اخلاقی بنیاد پر کیا ہے، اس کی قانونی طور پر ضرورت نہیں تھی، عمران خان نے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہے کسی کا نشان شیر ہو یا جو بھی ہو، لیکن عمل گیڈروں والے ہیں، اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں؟، اعتماد کا ووٹ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔

تازہ ترین