متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی بلند و بالا اور منفرد طرز تعمیر کی حامل عمارتوں کے حوالے سے اپنی پہچان رکھتی ہے۔ گزشتہ سال برج خلیفہ کے قریب ’دی اوپَس‘ نامی جدید طرز اور سہولتوں سے آراستہ عمارت کا افتتاح کیا گیا۔ ٹھوس اور خلا، مبہم اور شفاف ، اندرونی اور بیرونی حصوں کے درمیان توازن قائم کرتا عمارت کا خوبصورت ڈیزائن معروف آرکیٹیکٹ فرم زاہا حدید آرکیٹیکٹس کا تیار کردہ ہے۔
عمارت کا ڈیزائن پہلی مرتبہ 2007ء میں سامنے لایا گیا تھا۔ اس کی تعمیر کا آغاز 2012ء میں ہوا اوراس کی تکمیل 2018ء میں ہونا تھی مگر تعمیراتی تاخیر کی وجہ سے اسے 2020ء میں مکمل کیا گیا۔ عمارت کی تعمیر 84ہزار 300مربع میٹر (9لاکھ7ہزار 400مربع فٹ) رقبے پر کی گئی ہے۔ اس کی بلندی 93میٹر (350فٹ) ہے۔ اس کی 20منزلیں سطح زمین سے اوپر جبکہ 7زیر زمین بنائی گئی ہیں۔
یہ عکسی شیشے سے بنی عمارت ہے جس میں ایک ہوٹل، دفاتر، سروس اپارٹمنٹس اور متعدد ریستوران بنائے گئے ہیں۔ عمارت کے ہوٹل کا اندرونی اور بیرونی ڈیزائن خود زاہا حدید نے ڈیزائن کیا تھا۔ باہر سے یہ عمارت ایک بہت بڑے مکعب (Cube) کی طرح دکھائی دیتی ہے، جس کے وسط میں ایک بڑا سوراخ یا خلا موجود ہو۔ درحقیقت یہ دو ٹاورز پر مشتمل عمارت ہے جو اوپر اور نیچے سے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔
دونوں ٹاورز کے اس طرح جڑنے سے درمیان میں یہ سوراخ یا خلا ظاہر ہوتا ہے۔ عمارت کا ڈیزائن بالخصوص اس کے درمیان موجود خلا اسے تعمیراتی شاہکار کی فہرست میں شامل کرتا ہے، جس کو بنانے میں انتہائی متاثر کن انجینئرنگ کی گئی ہو۔ زاہا حدید آرکیٹیکٹس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کرسٹوس پاساس کا کہنا ہے، ’’عمارت کے عنصری شیشے کے مکعب (کیوب) کی آرتھوگونل جیومیٹریز، اس کے درمیان میں موجود آٹھ منزلہ خلا کی روانی کے ساتھ ڈرامائی طور پر تضاد پیش کرتی ہیں‘‘۔
دونوں ٹاورز کو جوڑنے والی بنیاد میں چار منزلہ ایٹریم بنایا گیا ہے جبکہ عمارت کے درمیان موجود خلا کے اوپر 38میٹر چوڑائی پر تین منزلیں بنائی گئی ہیں جو پل کی طرح معلوم ہوتی ہیں، اس کی زمین سے اونچائی71میٹر ہے۔ رات کے وقت عمارت کے دمیان موجود خلا کو لائٹس کے جھرمٹ سے روشن کیا جاتا ہے۔ لائٹس لہروں کی طرح کے شیشے میں رکھی گئی ہیں، جنہیں انفرادی طور پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
منعکس ہونے والے شیشے کے پیڑن، پکسلیٹڈ دھاری یا پٹی کی شکل میں عمارت کے بیرونی حصے میں لگائے گئے ہیںتاکہ مکعب (کیوب) کو ایک درجے تک عکس اور مادیت فراہم کرے، ساتھ ہی عمارت کے اندر سورج کی تپش کو کم کرنے میں معاون ہو۔ عمارت کے اندرونی حصے کی دیواروں کو مکمل طور پر انجینئرڈ خم دار شیشوں سے ڈھانپا گیا ہے تاکہ عمارت کے درمیان موجود خلا کے دلکش نظارے کو دیکھا جاسکے۔
عمارت میں بنائے گئے 100کمروں کے ہوٹل میں 74بیڈروم اور 19سوئٹ ہیں۔ اس ہوٹل کی لابی عمارت کے خلا کے بالکل نیچے موجود ہے، جس کی وجہ سے اس کی چھت شیشے کی بنی ہوئی ہے۔ چمکتا ہوا سفید سنگ مرمر کا فرش، خم دار سنہری کناروں والے مخملیں سیٹنگ ایریا کی وجہ سے نمایاں ہوتا ہے۔ اس کے صوفوں کا رنگ تھیم کی مناسبت سے برگنڈی رکھا گیا ہے۔ عثمانیوں کے نام سے پکارا جانے والا یہ ڈیزائن فرم کے ڈیزائن وِنگ ’زاہا حدید ڈیزائن‘ نے تیار کیا ہے۔
بالکونیوں کے ساتھ گیلریوں کی تین منزلیں کھلی جگہ فراہم کرتی ہیں۔ بالکنیوں میں جو شیشہ لگایا گیا ہے اس کے اوپری جانب سنہرے رنگ کی پتلی کناریاں بنائی گئی ہیں اور اس کا زاویہ بالکنیوں کے لہراتے ہوئے کناروں کی طرح پیچھے کی جانب ہے۔ بالکنیوں میں گہرے نیلے رنگ کے کشن کے ساتھ سنہرے فریم کی خم دار بنچیں رکھی گئی ہیں۔ ہوٹل کے استقبالیہ کی سفید میزوں کے عقب میں سنہرے رنگ کی خم دار دیوار ہے۔ ان میزوں میں لکیروں کے انداز میں بالکنیوں سے ملتی جلتی لائٹنگ کی گئی ہے۔
ہوٹل کے بیڈز کا فریم اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ دیوار کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ باتھ روم میں سنک کے ساتھ خم دار جڑواں شیشے لگائے گئے ہیں، جو دیکھنے میں بالکل عمارت کے باہر موجود خلا سے مماثلت رکھتے ہیں۔ ہوٹل میں 2لاکھ 50ہزار مربع فٹ رقبے پر ریستوران اور کیفے بنائے گئے ہیں۔
عمارت میں بنائے گئے اپارٹمنٹس کو مستقبل کے لحاظ سے تیار کردہ اسٹائلش انٹیریئر ڈیزائن سے مربوط کیا گیا ہے۔ ہر اپارٹمنٹ کو بڑی تفصیل سے مکمل کیا گیا ہے، جو کہ ڈیزائن کی عظمت کو اجاگر کرتا ہے۔ عمارت میں رہائشیوں اور مہمانوں کے لیے بہترین فرسٹ کلاس سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جیسے کہ سوئمنگ پول جس میں درجہ حرارت کنٹرول کیا جاسکتا ہے، اسٹیٹ آف دی آرٹ جمنازیم، اسپا، ہوٹل لابی لاؤنج، ریستوران اور بزنس سینٹر وغیرہ۔
عمارت کے منفرد ڈیزائن اور جدید سہولیات کے ذریعے مستقبل سے مطابقت رکھتا ہوا شہری ماحول پیش کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تمام حصوں کو محتاط انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ جگہ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ تعمیراتی مواد استحکام، استعداد اور مینٹیننس کے قابل ہے اور شور کو کم کرنے کا باعث بنتا ہے۔ یہ تعمیراتی منصوبہ فن اور کارکردگی کو صورت اور فعالیت سے جوڑتا ہے۔ اسٹریٹجک مقام، حیرت انگیز بیرونی شکل اور سہولیات کی وسیع رینج اسے دوسری عمارتوں سے ممتاز کرتی ہے۔