• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں یو ایس ایڈ پروگرام جزوی بحال، دو پروگراموں کے لیے فنڈز جاری، بیرونی امداد کے پروگراموں کو دوبارہ ترتیب دے رہے ہیں، امریکی سفارتخانہ

اسلام آباد(رپورٹ/ تنویر ہاشمی ) امریکا نے پاکستان میں یو ایس ایڈ کو جزوی طور پر بحال کر دیا اور یو ایس ایڈ کے دو پروگراموں کے فنڈ فراہم کردیئے گئے‘ مزید پروگراموں کی بحالی کا بھی امکان ہے‘امریکا نے پاکستان میں یو ایس ایڈ پروگرام کو فروری میں معطل کر دیا تھا۔پاکستان میں امریکاکے سفارتخانے کے ترجمان نے یو ایس ایڈ کی بحالی سےمتعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب میں تصدیق کی کہ امریکا بیرونی امداد کے پروگراموں کودوبارہ ترتیب دے رہا ہے‘ ہم زندگی بچانے کے ضروری پروگراموں کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور سٹریٹجک سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو ہمارے شراکت داروں اور ہمارے اپنے ملک کو مضبوط کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کو یو ایس ایڈ پروگرام کے دو پروگراموں پاکستانی یونیورسٹی اسٹوڈنٹ پروگرام فیز ٹو کے لیے میرٹ سکالرشپ اورفاٹا انفرااسٹرکچر پروگرام کے جون تک کے فنڈز فراہم کر دیئے گئےہیں‘یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان میں حکومت سے حکومت ( جی ٹی جی) اور پاکستان میں کام کرنیوالی این جی اوز کو براہ رست فنڈز فراہم کی جارہی تھی ،ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور پاکستان کے اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان جاری بات چیت میں USAID کے اقدامات کی وسیع تر بحالی پر توجہ مرکوز کی گئی‘ان مصروفیات کا مقصد غیر سرکاری تنظیموں کو براہ راست تقسیم کیے جانے والے فنڈز کی شفافیت اور نگرانی سے متعلق ساختی خدشات کو دور کرنا ہے، پاکستانی حکام کے مطابق یہ نقطہ نظر نگرانی کو بہتر بنائے گا اور قومی ترقی کی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا،یو ایس ایڈ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ ترقیاتی شراکت داری ہےاور اب دو منصوبے دوبارہ شروع ہوئے ہیں، بحالی امریکی ترقیاتی مصروفیات کی بحالی کا اشارہ دیتی ہے اور ممکنہ طور پر وسیع تر شراکت داری شروع ہوگی اور امکان ہے کہ پاکستان میں یو ایس ایڈکے تمام پروگرام جلد بحال ہو جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید