• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے 1275ارب روپے کے قرض کی تقسیم

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے 1275 ارب روپے کے قرض کی تقسیم، حکومت تذبذب کا شکار؛ آئی پی پیز کو ادائیگیوں میں سی پیک بجلی گھروں کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت آئی پی پیز کو ادائیگیوں کے معاملے میں ایک نازک صورتحال سے دوچار ہے کیونکہ بجلی کے شعبے میں گردشی قرضہ ایک بار ختم کرنے کے لیے 18کمرشل بینکوں سے حاصل کیے گئے 1275ارب روپے کے قرض کو استعمال کرتے ہوئے ادائیگیوں کے وقت سی پیک کے تحت لگائے گئے چینی آئی پی پیز کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، جنہوں نے اپنے پاور پرچیز ایگریمنٹس (پی پی ایز) پر نظر ثانی کرنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔ پاور ڈویژن کے ایک سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے جو متعلقہ حکام کے لیے کھڑا ہو گیا ہے کہ جب ان آئی پی پیز کے واجبات ادا کیے جائیں گے جنہوں نے اپنے پاور پرچیز ایگریمنٹس میں ترمیم کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے، تو سی پیک کے تحت قائم بجلی گھروں کے ساتھ کیسے نمٹا جائے گا۔ سی پیک کے بجلی گھروں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ملک کی قیادت یہ محسوس کرتی ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں چین نے پاکستان کی بہت مدد کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید