روشندان جنہیں اسکائی لائٹس بھی کہا جاتا ہے، سورج کی روشنی کے حصول، وینٹی لیشن، باہر کا نظارہ کرنے اور بعض اوقات ہنگامی صورتحال میں کام آتے ہیں۔ روشندان کھڑکی یا گنبد کی شکل کے ہوتے ہیں۔ یہ ان گھروں کے لیے بہترین ثابت ہوتے ہیں جن میں روشنی کا مناسب انتظام موجود نہ ہو۔ گھر کے کسی ایسے حصے یا کمرے میں بھی روشندان بنایا جاسکتا ہے جہاں کوئی کھڑکی نہ ہو۔ تعمیرات میں روشندان بنانے کا رواج صدیوں پرانا ہے کیونکہ ان کے ذریعے قدرتی روشنی اور ہوا حاصل ہوتی تھی۔
دورِ جدید میں ٹیکنالوجی کی بدولت دلچسپ اورجدت آمیز ڈیزائنز کی وجہ سے آج بھی ان کا استعمال مقبول ہے۔ نئے ماڈلز اور ڈیزائنز گزشتہ برسوں کے ڈیزائنز کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت اور قابل اعتماد ہیں، جن میں دلچسپ عناصر کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بازار میں مختلف ڈیزائن کے منفرد اور دلکش مٹیریل کی دستیابی کے باعث گھر کے لیے روشندان کا انتخاب ایک مشکل امر ہے۔ تاہم، سب سے زیادہ شیشے کے روشندان ہی لگائے جاتے ہیں کیونکہ یہ گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث بنتے ہیں۔
گھر کی تعمیر یا تزئینِ نو کے دوران آپ روشندان کے مختلف ڈیزائنز میں سے کسی ایک کاانتخاب کر سکتے ہیں۔ تاہم آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ سورج کی روشنی براہ راست حاصل کرنا چاہتے ہیں یا پھر منقسم ہوکر روشنی اندر آئے۔ ایسے بھی مواد دستیاب ہیں جن کے ذریعے محدود پیمانے پر روشنی گھر کے اندر آتی ہے۔
آپ اپنے کمرے اور اس کی چھت کے مطابق روشندان کا ڈیزائن منتخب کریں۔ روشندان کے لیے مواد اور ڈیزائن منتخب کرنے کا انحصار آپ کی تحقیق، پسند اور ضرورت پرہے۔ آپ کو اس کے مواد، فلٹر اور دیگرخصوصیات پر بھی غور کرنا ہوگا۔
شیشہ
شیشے کا استعمال ایسے روشندان کے لیے کیا جاتا ہے جو سیدھا یا ہموار ہو ۔ روشندان کے لیے عموماً معدنی شیشہ یا مضبوط حفاظتی شیشہ استعمال کیا جاتا ہے اور بعض اوقات دونوں کے امتزاج سے بھی روشندان بنایا جاتا ہے۔ تاہم، گھر کے ڈیزائن کو دیکھ کر فیصلہ کیا جاتا ہےکہ کون سا شیشہ استعمال کیا جائے۔
شیشے کے روشندان نہ صرف قدرتی روشنی کے حصول کا ذریعہ ہوتے ہیں بلکہ یہ گھر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ اسی لیے روشندان میں ایکریلیک کے مقابلے میں شیشے کا استعمال زیادہ دیکھا جاتا ہے۔
ایکریلیک
ایکریلیک کا استعمال عموماً گنبد نما (Dome) روشندان کے لیے کیا جاتا ہے۔ اسے غیر معمولی موسمی اثرات کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ایک مربع فٹ پر بنے روشندان سے اچھی خاصی روشنی حاصل ہو سکتی ہے۔ بارش سے بچانے کے علاوہ یہ وینٹی لیشن اور چھت تک رسائی فراہم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ اپنی منفرد شکل کی وجہ سے یہ شدید بارشوں کی صورت میں بھی ممکنہ مسائل سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
لیونگ روم کے لیے گنبد نما روشندان کا انتخاب بہترین سمجھا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے حاصل ہونے والی روشنی عام کھڑکی کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اس کا رخ براہ راست آسمان کی جانب ہوتا ہے۔ اس طرح کے روشندان کمروں کے اندر موجود پودوں کو دھوپ لگانے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔
روشندان کی چند عام اقسام کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔
فکسڈ اسکائی لائٹ
چھت میں مستقل طور پر نصب ہونے والا روشندان (فکسڈ اسکائی لائٹ) گھر کو کشادہ دکھانے میں مدد کرتا ہے کیونکہ اس سے آنے والی روشنی دور تک پھیل جاتی ہے۔ اس قسم کے روشندان عام طور پر لکڑی کے فریم سے بنائے جاتے ہیں۔ یہ روشندان زیادہ روشنی فراہم کرتے ہیں، اسی لیے یہ گھر کے ایسے حصوں کے لیے بہترین رہتے ہیں جو اکثر اندھیرے میں گھرے رہتے ہیں۔ اس کااستعمال عموماً اوپن کچن، سیڑھیوںیا راہداری میں زیادہ کیا جاتا ہے تاکہ وہاں بر اہ راست قدرتی روشنی حاصل ہوسکے۔
دور جدید میں گھر کی راہداری کی آرائش بھی گھر کے اندرونی حصے کی طرح کی جانے لگی ہے۔ گھر کی راہداری میں روشنی کامناسب انتظام کرنے کے لیے اس کی چھت پر شیشوں والا روشندان بنانا ایک بہترین آئیڈیا ثابت ہوگا۔ راہداری کے لیے رنگین شیشوں کا انتخاب کیا جائے تو زیادہ بہتر ہے، اس طرح یہ روشنی فراہم کرنے کا ذریعہ بننے کے ساتھ گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں گے۔
وینٹڈ اسکائی لائٹ
گھر میں وینٹی لیشن کے لیے وینٹڈ اسکائی لائٹ بنوائی جاتی ہیں۔ روشندان کی اس قسم میں روشنی کے حصول کے ساتھ تازہ ہوا بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ گھر کو مناسب نمی اور توازن فراہم کرنے کے علاوہ اس سے بجلی کی بچت بھی ہوتی ہے۔ آجکل کے دور میں ٹیکنالوجی کی بدولت اسے ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے جبکہ بارش سے تحفظ کا سینسر اور تھرموسٹیٹ بھی سسٹم میںنصب کروائے جاسکتے ہیں۔
ٹیوبلر اسکائی لائٹ
یہ روایتی قسم کا روشندان نہیں ہوتا بلکہ لمبی ٹیوب ہوتی ہے جو قدرتی روشنی کو منعکس کرکے گھر میں روشنی فراہم کرتی ہے۔ اسے سولر اسکائی لائٹ، لائٹ ٹیوب اور سن پائپ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ چھوٹی جگہوں کے لیے بہترین رہتی ہیں، جیسےکہ باتھ روم، دالان وغیرہ۔ انہیں لگانا بھی آسان ہے اور ان میں ضرورت کے مطابق روشنی کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈِمر بھی دیا ہوتا ہے۔ ان میں الٹراوائلٹ لائٹ کو دور رکھنے کے لیے فلٹر بھی ہوتا ہے۔ ان سے باہر کا منظرنہیں دیکھا جاسکتا۔
اسکائی لائٹ شیڈز
گھر کے بیرونی حصے کو خوبصورت انداز دینے اور گھر میں براہ راست روشنی حاصل کرنے کے لیے اسکائی لائٹ شیڈز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دوران تعمیر گھر کے بیرونی حصے میں انہیں ایک سے زائد اسٹائل میں نصب کروایا جاسکتا ہے۔ کثیرمقاصد کے تحت استعمال ہونے والے یہ شیڈز گھر میں روشنی کا براہ راست انتظام کرتے ہیں۔