• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلوکار سلیم جاوید نے 40 برس قبل کی اپنی تصاویر سوشل پر شئیر کردی

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سنگر سلیم جاوید نے 40 برس قبل کی اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کردیں۔یاد رہے کہ 40 برس قبل 7 مارچ کو ان کا پہلا البم۔لِسن مائی وائس، ریلیز ہوا تھا۔ اس وقت وہ نوعمر تھے۔ جگنی سے دھوم مچانے والے سنگر سلیم جاوید کا کہنا ہے کہ معلوم ہی نہیں چلا کہ کب 40 برس گزر گئے۔

انھوں نے کہا کہ بہت مشکل وقت میں صرف 50 روپے لے کر حیدرآباد سے کراچی آیا تھا۔ میرے پہلے ہی آڈیو البم نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کردیئے تھے۔ وہ دور کیسٹوں کا تھا۔ لاکھوں کی تعداد میں کیسٹ سیل ہوئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ اس زمانے میں میری مصروفیت کا یہ عالم تھا کہ ایک رات میں 6 یا 7 شوز کرتا تھا ۔نہ کوئی ہمارے پاس موبائل فون ہوتا تھا اور نہ آج کے دور کی سہولتیں میسر تھیں۔

ان کے مطابق شوز اور کیسٹوں کی وجہ سے دنیا میں پہچان بنائی۔ اس طرح 7 مارچ ایسا دن ہے جسے میں کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ سلیم جاوید نے کہا کہ دنیا بھر سے نیک خواہشات اور مبارکباد کے پیغامات مل رہے ہیں تو خوشی ہو رہی ہے۔

گلوکار نے اپنے گیت کو یاد کرتے ہوئے کہ 40 برس قبل ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ گایا تھا۔ اب بھی اسے آج کی نئی نسل کے سپر اسٹار گا رہے ہیں، یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ 


سلیم جاوید کا کہنا تھا کہ انھوں نےہمیشہ موسیقی میں اپنے گیتوں کو نئے رنگ کے ساتھ پیش کیا ہے، جبکہ ان کے کئی گیت دنیائے فلم انڈسٹری کی بڑی مارکیٹ بالی ووڈ میں بھی کاپی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان دنوں وہ موسیقی میں اپنے 40 سال مکمل ہونے پر ایک شاندار تقریب کے اہتمام کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں نامور میوزک پروموٹر بابر عباسی ان کے ساتھ ساتھ ہیں۔

تازہ ترین