برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مرکل نے کہا ہے کہ یہ دعویٰ غلط ہے کہ شہزادی کیٹ میری وجہ سےغمزدہ ہوئی۔ درحقیقت میں نشانہ بنی، شہزادی کیٹ نے معافی مانگی۔ غلطی تسلیم کی اور مجھے پھول بھی پیش کئے۔
میگھن مرکل نے اوپرا ونفرے کو تہلکہ خیز انٹرویو دیتے ہوئے شاہی خاندان کے راز افشا کر دیئے اور کہا کہ انہیں شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کروا دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا۔ ان کی اور ہیری کی شادی باضابطہ تقریب سے تین دن پہلے ہوچکی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہو گی۔ میں مزید زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، میری کردار کشی کی گئی۔
شاہی خاندان کے حوالے سے میگھن مرکل کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان سے متعلق تصور اور حقیقت میں بہت فرق ہے۔ ملکہ برطانیہ سے پہلی ملاقات رسمی نہیں تھی، شاہی خاندان نے مشکل وقت میں ذہنی سکون کے لیے میری مدد نہیں کی۔
میگھن مرکل کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزاد ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے وہ اچھا محسوس کررہی ہیں کہ کوئی ان کی ٹوہ میں نہیں ہے۔
شہزادہ ہیری نے کہا کہ شاہی محل کے ساتھ اختلافات کی بنا پر اپنی ماں شہزادی ڈیانا کی تکلیف کا سوچ کر ان کا دل تڑپتا ہے کیونکہ وہ اور میگھن ایک دوسرے کے ساتھ ہیں جبکہ ڈیانا اس تمام صورتحال میں تنہا تھیں۔