• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن بکنے والے 16 لوگوں کو تلاش کرے، فرخ حبیب

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ہر بار سینیٹ الیکشن میں بولیاں لگتی رہی ہیں، سب کو پتہ ہے بولیاں لگانے والے کون ہیں، جو جماعتیں کرپشن کرتی ہیں، وہ اوپن بیلٹ کے خلاف ہوگئیں، الیکشن کمیشن بکنے والے 16 لوگوں کو تلاش کرے۔

الیکشن کمیشن میں یوسف گیلانی سے متعلق پی ٹی آئی کی تمام درخواستوں کی سماعت سے قبل الیکشن کمیشن کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان جمع ہوگئے اور حکومت کے حق میں نعرے بازی کی ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا موقف بڑا واضح ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ ہم نے اپنی درخواست میں ترمیم کرکے نئے شواہد الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیے ہیں، الیکشن کمیشن بکنے والے 16 لوگوں کو تلاش کرے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کا انتہائی اہم مقدمہ الیکشن کمیشن سماعت کررہا ہے، ہر بار سینیٹ کے الیکشن میں بولیاں لگتی رہی ہے، سب کو پتہ ہے بولیاں لگانے والے کون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرلیا تھا اس نظام کو ٹھیک کرنے کا بیڑا ہم خود اٹھائیں گے، جو جماعتیں کرپشن کرتی ہیں وہ اوپن بیلٹ کے خلاف ہوگئیں، الیکشن میں ضمیروں کے سوداگروں کو روکنے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم بی بی کہتی ہیں نوٹ نہیں چلا یعنی کہ پھر ٹکٹ چلا ہے، یوسف رضا گیلانی کےکون سے کارنامے تھے، ہار چوری اور بے شمار مقدمے ان پر ہیں، سندھ کے لوگوں کا لوٹا ہوا پیسہ چلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکے، سینیٹ انتخابات میں دوبارہ سے پولنگ کرائی جائے، ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن چاہے سارا دن ساری شام بیٹھے اور نوٹسز جاری کرے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے فرخ حبیب سے سوال کیا کہ بکنے والے لوگ اب تک پارٹی سے کیوں نہیں نکالے گئے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ یہ خواہش بھی آپ کی جلد پوری ہوگی۔

تازہ ترین