• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کا کوئی سینیٹر جھکا اور نہ بکا ہے، احسن اقبال کا دعویٰ


اپوزیشن جماعت (ن) لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ آج 49 سینیٹرز نے پی ڈی ایم کو ووٹ دے کر ثابت کردیا کہ نہ کوئی سینیٹر جھکا ہے اور نہ کوئی بکا ہے۔

اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ جو ووٹ مسترد کیے گئے، ایسے ووٹ کو درست قرار دینے کے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے درجنوں حوالے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس انداز سے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا وہ انتہائی شرمناک ہے، دنیا مریخ پر جانےکی بات کررہی ہے اور ہم کہہ رہے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو، ووٹ پر ڈاکا نہ ڈالو۔


احسن اقبال نے مزید کہا کہ بھونڈے انداز سے یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد کیے گئے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اگر امیدوار کے نام پر ووٹر نے مہر لگائی ہے اور مہر خانے کے اندر ہے تو سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے درجنوں فیصلے ہیں کہ وہ درست ووٹ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ دھاندلی حکومت کی شکست کو فتح میں بدلنے کے لیے زبردستی 7 درست ووٹ مسترد کرکے کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیئرمین سینیٹ کے اس الیکشن کو چیلنج کریں گے، آج 49 سینیٹرز نے پی ڈی ایم کو ووٹ دے کر ثابت کردیا کہ نہ کوئی سینیٹر جھکا ہے اور نہ کوئی بکا ہے۔

تازہ ترین