• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان کی دلہن کا حق مہر میں ایک لاکھ روپے کی کتابوں کا مطالبہ

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے تعلق رکھنے والی لڑکی نائلہ شمال صافی    نے اپنے حق مہر میں ایک لاکھ روپے کی کتابوں کا مطالبہ کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

سجاد ژوندون سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی نائلہ کا ایک ویڈیو پیغام بڑی تیزی سے سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے جس میں وہ یہ بتا رہی ہیں کہ انہوں نے اپنے حق مہر میں ایک لاکھ روپے کی کتابوں کا مطالبہ کیا ہے اور یہ بھی بتاتی ہیں کہ انہوں نے سونا و زیورات مانگنے کے بجائے کتابیں ہی کیوں مانگیں۔

دلہن نائلہ شمال نے کہا کہ بطور ایک لکھاری میں نے حق مہر میں کتابوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں مہنگائی بہت زیادہ ہے، مہنگائی کی وجہ سے ہم یہ چیزیں برداشت نہیں کر سکتے اور ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان غلط رسومات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔

ویڈیو میں نائلہ شمال کہتی ہیں کہ غلط رسومات کی وجہ سے ہماری زندگی   مشکل ہوتی جارہی ہے۔


ایک منٹ سے بھی کم کی ویڈیو پیغام میں نائلہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم خود ہی اچھی چیزوں پر عمل پیرا ہوں گے تو دوسروں کو بھی اس پر عمل پیرا ہونے کا کہہ سکیں گے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نائلہ کے اس اقدام پر ملا جلا ردعمل دیا جارہا ہے۔

تازہ ترین